سعودی فٹ بال لیگ امریکی میجر سوکر لیگ سے بہتر ہے: کرسٹیانو رونالڈو

اردو نیوز  |  Jul 19, 2023

سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر کے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ ’سعودی پرو لیگ کو میجر لیگ سوکر پر سبقت حاصل ہے۔‘

واضح رہے کہ فٹ بال کی دنیا میں رونالڈو کے حریف سمجھے جانے والے لیونل میسی نے حال ہی میں میجر سوکر لیگ کے کلب انٹر میامی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق ایک پرتگالی میڈیا آؤٹ لیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’ان کا اپنے کیریئر میں دوبارہ کسی پورپی فٹ بال کلب کے لیے کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔‘

رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’میں یورپین فٹ بال میں واپس نہیں جاؤں گا، اسے آپ بھول جائیں کیونکہ میری واپسی کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔‘

رونالڈو کے مطابق اب وہ 38 برس کے ہو چکے ہیں اور ’یورپ میں وہ معیار بھی نہیں رہا۔ جو سب سے اچھی ہے وہ پریمیئر لیگ ہے اور میرے مطابق وہ تمام لیگز سے آگے ہیں۔‘

پرتگالی سٹار نے ہسپانوی فٹ بال لیگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ بھی اپنا مقام کھو چکی ہے۔‘

میجر سوکر لیگ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی چیمپیئن شپ امریکہ سے بہت بہتر ہے۔‘

خیال رہے کہ رونالڈو نے گذشتہ برس کے آخر میں سعودی کلب النصر جوائن کیا تھا جس کے بعد کریم بنزیما، رابرٹو فرمینو اور نگلولو کانتے سمیت مزید بڑے سٹار سعودی فٹ بال لیگ کا حصہ بن چکے ہیں۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے گذشتہ جنوری میں سعودی لیگ کے دروازے کھول دیے تھے اور اب تمام کھلاڑی یہاں آرہے ہیں۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ؔایک سال میں سعودی فٹ بال لیگ ترکش لیگ اور ڈچ لیگ سے آگے نکل جائے گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More