عیدالاضحی پر گوشت کا بے تحاشا استعمال کرنے پر کراچی کے ہزاروں شہری فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔
کراچی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی شہریوں نے عید پر گوشت کا بہت زیادہ استعمال کیا جس کے باعث جناح اسپتال میں 3 ہزار سے زائد جبکہ سول اسپتال میں 1700 سے زیادہ مریضوں کو فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے علاج کے لیے لایا گیا۔
کراچی کے دونوں بڑے اسپتالوں جناح اور سول میں عید پر بسیار خوری کرنے والے کی قطاریں لگی رہیں، مریضوں میں سب سے زیادہ تعداد فوڈ پوائزننگ کے مریضوں کی تھی۔
ماہرین کے مطابق عید قرباں پر قربانی کا گوشت احتیاط کے ساتھ کھانا بہتر ہے، گرم موسم میں زیادہ گوشت کھانے سے بدہضمی اور پیٹ کا نظام متاثر ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گردے، کلیجی، مغز اور پایے میں کولیسٹرول کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے لہٰذا امراض گردہ، امراض قلب اور شوگر کے مریض ان سے پرہیز کریں۔
عید قرباں کے موقع پر شہری باربی کیو کا خاص اہتمام کرتے ہیں تاہم اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ بار بی کیو بناتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں گوشت اچھی طرح پکا ہوا ہو کیونکہ بار بی کیو میں گوشت کچا اور عام طور پر جانور کا خون بھی لگا ہوا ہوتا ہے جو انسانی صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے اور آپ مختلف بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔