سابق وزیراعظم عمران خان کے لاپتہ سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے ہیں۔
اعظم خان گزشتہ روز سے لاپتہ ہیں، اعظم خان کے اہلخانہ نے اغواء کے حوالے سے پولیس کو درخواست تھی۔اعظم خان کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ اعظم خان پرسوں شام کو گھر سے نکلے لیکن واپس نہیں آئے۔اعظم خان کا موبائل نمبر بھی بند ہے۔
اس حوالے سے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ لواحقین نے یہ نشاندہی نہیں کی کہ اعظم خان کہاں سے لاپتہ ہوئے۔وزیرداخلہ کہنا ہے کہ دیکھا جائے گا کہ اعظم خان لاپتہ ہوئے یا خود کہیں چھپے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اعظم خان نیب کی تحقیقات سے بچنے کیلئے خود غائب ہوئے ہیں، نیب راولپنڈی نے القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی اور اعظم خان کو طلب کررکھا ہے۔
اعظم خان کو اس سے پہلے 6 جون کو طلب کیا تھا مگر وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔نیب کی جانب سے 19 جون کو پیش ہونے کا نوٹس ملنے کے بعد اعظم خان پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں۔ پولیس نے اعظم خان کی تلاش شروع کردی ہے۔ جلد حقائق عوام کے سامنے پیش کئے جائینگے۔