سمندری طوفان ۔۔ کراچی اور دیگر شہروں میں آج سے بارش کا امکان

ہماری ویب  |  Jun 13, 2023

بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان بائپر جوئے کے کراچی اور ٹھٹھہ کے قریب پہنچنے پر آج سے کراچی ودیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

طوفان کا کراچی اور ٹھٹھہ سے فاصلہ مزید کم ہو گیا، سمندری طوفان کراچی کے جنوب میں 470 کلو میٹر دور ہے جبکہ یہ ٹھٹھہ کے جنوب میں 460 کلو میٹر دور ہے۔

ٹھٹھہ، بدین اور سجاول سمیت ساحلی پٹی سے لوگوں کا انخلاء تیز ہو گیا، متاثرہ خاندانوں کی ریلیف کیمپوں میں منتقلی بھی جاری ہے۔کراچی میں آج گرد آلود ہوا چل سکتی ہے جبکہ دوپہر یا شام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سمندری طوفان کے مرکز اور اطراف میں ہواؤں کی رفتار 140 سے 150 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، طوفان کے مرکز و اطراف میں جھکڑ کبھی کبھی 170 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھو جاتے ہیں۔

طوفان کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے، جہاں لہریں 30 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں، موسمیاتی سازگار ماحول سسٹم شدت برقرار رکھنے میں مدد کر رہا ہے۔

14 جون تک طوفان شمال کی جانب بڑھتا رہے گا اور 14 جون کے بعد طوفان شمال مشرق کی جانب رخ کرے گا۔

15 جون کی دوپہر یا شام کو طوفان سندھ میں کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا، اس موقع پر طوفان میں ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔ جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پر انتہائی شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More