کراچی کے باسیوں کے لیے موسم کے حوالے سے تشویشناک خبر سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بحیرہ عرب کے طوفان بیپر جوائے کا رُخ کراچی کی جانب ہوگیا ہے اور وہ اس وقت شہر سے تقریبا 910 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 گھنٹے میں بحیرہ عرب کے طوفان نے شمال مشرق کی طرف رخ کر لیا ہے. طوفان بیپر جوائے جنوب کراچی سے 910 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، طوفان کے رخ میں تبدیلی شام تک متوقع ہے، اور اس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہونے کا بھی امکان ہے۔
موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
طوفان کی شدت اختیار کرنے پر مکران اور ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔