تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہنوں کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کو عمارتوں کی فکر ہے، انسانی جانوں کی کوئی قدر نہیں۔
لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان، علیمہ خان اور نورین نیازی کا کہنا تھا کہ یہ جن عمارتوں کی فکر کر رہے ہیں وہ ہمارے پیسوں سے بنی ہیں، کور کمانڈر ہاؤس پر انہوں نے خود حملہ کیا، ہم خود وہاں موجود تھے۔
ڈاکٹر عظمیٰ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے خود جواز بنا کر حملہ کروایا جس گیٹ پر ہم تھے بند تھا۔نورین نیازی کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں شرپسند نہیں، مہذب لوگ ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم پرپولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے اور زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں اورپولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے چاروں اطراف موجود ہے۔
گزشتہ روز نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے عمران خان کو زمان پارک میں موجود افراد کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور میں عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 افراد زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور اگر آئندہ 24 گھنٹے میں انہیں پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا تو کارروائی ہوگی۔