آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،9 مئی کے تاریک دن پرقوم کیلئے شرمندگی لانے والے ذمہ داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا اور شہدا کی یادگار پر پھول رکھے اور قوم کی عظمت، عزت اور وقار کیلئے شہدا کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ شہدا مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستانی عوام کیلئے فخر کا باعث ہیں،کا کہنا تھاکہ کسی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
منصوبہ بندی سے کیے گئے حالیہ المناک واقعات کی دوبارہ اجازت نہیں دی جائے گی اور 9 مئی کے تاریک دن پرقوم کیلئے شرمندگی لانے والے ذمہ داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ کیا گیا تھا۔