نیپال میں ماؤنٹ اناپورنا پر لاپتہ انڈین کوہ پیما کو تین دن کے بعد تلاش کر لیا گیا

اردو نیوز  |  Apr 20, 2023

گزشتہ ہفتے نیپال میں دنیا کی دسویں بڑی چوٹی سے اترتے ہوئے لاپتا ہونے والے انڈین کوہ پیما کو تلاش کر لیا گیا ہے تاہم ان کی حالت تشویشناک ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق 17 اپریل کو 34 برس کے انڈین کوہ پیما انوراگ مالو نیپال میں اناپورنا کی چوٹی سے واپسی پر چھ ہزار میٹر کی بلندی پر پھسل گئے تھے۔

ان کے بھائی سدھیر نے بتایا کہ ’انوراگ مالو کو زندہ تلاش کر لیا گیا، ان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا ہے تاہم وہ زندہ ہیں۔‘

ماؤنٹ اناپورنا آٹھ ہزار 91 میٹر بلند اور دنیا کی دسویں بڑی بلند چوٹی ہے اور اس کا شمار کے ٹو اور نانگا پربت کی طرح دشوار ترین چوٹیوں میں ہوتا ہے۔

ریسکیو کے عملے کو انوراگ مالو ایک کھائی سے ملے۔

سیون سمٹ ٹریکس کے چیئرمین منگما شرپا کے مطابق ’چھانگ داوا کی سربراہی میں چھ شرپا کلائمبرز نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ جمعرات کی صبح انوراگ مالو ان کو ایک کھائی سے ملے۔‘

سیون سمٹ ٹریکس کے جنرل مینجر تھانیسوار گوراگین نے بتایا کہ ’اس کی حالت بہت تشویشناک ہے۔ ڈاکٹر علاج کر رہے ہیں۔‘

انوراگ مالو آٹھ ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں اور سات براعظموں کی سات بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کی مشن پر تھے۔

ان کے اس مشن کا مقصد اقوام متحدہ کے عالمی اہداف سے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔

ان کو ریکس کرم ویر چکرا کے اعزاز سے نوازا گیا تھا اور انڈیا سے انٹارٹک یوتھ 2041 کے سفیر بھی ہیں۔

ایک اور انڈین کوہ پیما بلجیت کور کو بھی ماؤنٹ اناپورنا سے ریسکیو کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق 27 برس کی کوہ پیما کیمپ فور کے قریب لاپتا ہو گئی تھیں۔ ان کو سات ہزار 363 میٹر کی بلندی سے ریسکیو کیا گیا اور وہ شدید سردی کی وجہ سے فراسٹ بائیٹ کا شکار ہوئیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More