آئی پی ایل کا 16واں سیزن اپنے عروج پر ہے اور پانچ بار چیمپیئن رہنے والی ٹیم ممبئی انڈینز نے ابتدائی دو میچوں میں شکست کے بعد گذشتہ شب جیت کی ہیٹرک بنائی ہے تاہم اس میچ کی سب سے یادگار بات اس کی آخری گیند بنی جس پر ارجن تندولکر نے آئی پی ایل میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے جہاں ممبئی انڈینز اور اس کے دیگر کھلاڑی ٹرینڈ کر رہے ہیں وہیں انڈیا کے مایہ ناز بیٹسمین سچن تندولکر کے بیٹے ارجن تندولکر بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں اور ان کی کارکردگی پر بات کی جا رہی ہے۔
یوں تو ارجن تندولکر نے ممبئی کے لیے گذشتہ میچ میں ڈیبیو کیا تھا تاہم سنرائزز حیدرآباد کے خلاف میچ میں انھوں نے نہ صرف آغاز کے دو اوورز میں متاثر کن بولنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ میچ کے آخری اوور میں ایک وکٹ بھی حاصل کی۔
ممبئی نے پہلے کھیلتے ہوئے کیمرون گرین کی نصف سنچری کی بدولت 192 رنز بنائے تھے۔ جواب میں سنرائزرز حیدرآباد کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں اور یہ ٹیم آخری اوور میں آل آؤٹ ہونے کے بعد 14 رنز سے میچ ہار گئی۔
رواں آئی پی ایل میں یہ صرف تیسرا موقع ہے جب کوئی ٹیم آل آؤٹ ہوئی ہے۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ میں دہلی کیپیٹلز اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم آل آؤٹ ہوئی تھیں۔
Getty Images’جو باپ نہ کر سکا وہ بیٹے نے کر دیا‘
تجربہ کار آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن بہرنڈورف میچ کا 18واں اوور کرانے آئے۔ یہ بہرنڈورف کا چوتھا اوور تھا۔ انھوں نے اپنے پہلے تین اوورز میں دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ لیکن اس اہم اوور میں ان کی گیندوں پر 18 رنز بنے۔ جس کی وجہ سے سن رائزرس حیدرآباد کو آخری دو اوور میں جیت کے لیے صرف 24 رنز درکار تھے۔
اس کے بعد میچ کا 19 واں اوور 'پلیئر آف دی میچ' کیمرون گرین نے کیا اور صرف چار رنز دیے۔ اب جیت کے لیے آخری اوور میں 20 رنز درکار تھے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
جب میچ کا 19واں اوور ختم ہوا تو پہلے سے ہی یہ قیاس آرائی جاری تھی کہ ارجن تندولکر کو 20واں اوور پھینکنے کا موقع دیا جائے گا۔ روہت شرما ارجن کی طرف گیند اچھال دی۔
اس اوور کی پہلی گیند پر کوئی رن نہیں بن سکا، دوسری گیند پر عبدالصمد رن آؤٹ ہوگئے۔
اب پچ پر حیدرآباد کی آخری جوڑی تھی لیکن ارجن نے تیسری گیند وائیڈ ڈالی۔ ایشان کشن نے وکٹ کے پیچھے چستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو باؤنڈری کی طرف جانے سے بچایا۔
جب انھوں نے تیسری گیند یارکر ڈالی تو اس پر دو رنز بنے۔ چوتھی گیند پھر یارکر تھی اور وہ میانک مارکنڈے کے پیڈ سے ٹکرائی اور اس پر لیگ بائی کے رن ملے۔
اس کے بعد ارجن تینڈولکر کے لیے وہ لمحہ آیا جب انھیں آئی پی ایل کی پہلی وکٹ ملی۔ اس وقت کمینٹری پر سابق انڈین کرکٹر اور کوچ روی شاستری موجود تھے جنھوں نے اس وقت یہ کہا کہ ’بالآخر کسی تندولکر نے آئی پی ایل میں وکٹ حاصل کر لی، جو کام باپ نہ کر سکا وہ بیٹے نے کر دکھایا۔‘
انھوں نے اس اوور کی پانچویں گیند پر دوبارہ یارکر پھینکنے کی کوشش کی لیکن وہ چند انچ سے چوک گئے۔ تجربہ کار بھونیشور کمار کے بلے کا بیرونی کنارہ گیند کو لگا اور گیند ایکسٹرا کور پر کپتان روہت شرما کے ہاتھ میں چلی گئی۔
اس کے ساتھ ہی ارجن تندولکر نے اپنے آئی پی ایل کریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی اور ممبئی انڈینز نے اس سیزن میں مسلسل تیسری جیت بھی حاصل کی۔
ارجن تندولکر نے گذشتہ سال ہی اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز ریاست گوا کی جانب سے کیا ہے۔
انھوں نے راجستھان کے خلاف ایک میچ میں سنچری بنائی تھی اور دو وکٹیں بھی لی تھیں جس کی وجہ سے وہ خبروں میں آئے تھے۔
Getty Imagesکپتان روہت شرما نے ارجن کے بارے میں کیا کہا؟
کپتان روہت شرما نے ہی ارجن کو ان کے ڈبیو میچ پر ممبئی انڈینز کی کیپ پہنائی تھی۔ روہت نے منگل کو ان کی گیند پر کیچ بھی پکڑا۔ وکٹ لینے کے بعد انھوں نے ارجن کو گلے لگایا اور میچ کے بعد ان کی تعریف بھی کی۔
روہت نے کہا کہ ’ارجن تندولکر ہمارے ساتھ تین سال سے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ انھیں کیا کرنا ہے، ان کے منصوبے بھی درست ہیں۔ وہ چیزوں کو سادہ رکھتے ہیں، شروع میں گیند کو سوئنگ کراتے ہیں اور آخر میں درست یارکرز بھی ڈالتے ہیں۔'
یہ بھی پڑھیے
خاکروب سے آئی پی ایل میں لگاتار پانچ چھکے لگانے تک
لکھنؤ سپر جائنٹس کی جیت اور ’ادب سے ہرانے‘ کی بازگشت
شاہ رخ خان چار برس بعد ایڈن گارڈنز میں
ارجن آخری اوور میں باؤنڈری نہیں کھانا چاہتے تھے
میچ کے بعد پریزنٹیشن کے دوران ارجن تندولکر نے بتایا کہ وہ آخری اوور میں اپنی گیندوں پر باؤنڈری نہیں چاہتے تھے۔
ارجن نے کہا کہ ’میرے لیے یہ بہترین موقع تھا جب میں نے پہلی وکٹ حاصل کی۔ میں نے صرف پلان پر کام کیا، آخری اوور میں پلان یہ تھا کہ باؤنڈری نہیں لگنی چاہیے۔ جہاں تک سوئنگ کا تعلق ہے تو میں صرف سیم پر توجہ دیتا ہوں۔‘
ان کے والد سچن نے بھی اپنے ٹویٹ میں ارجن تندولکر کا ذکر کیا۔ سچن نے ممبئی کو جیت پر مبارکباد دی اور لکھا کہ 'آخر کار ایک تندولکر کو آئی پی ایل کی وکٹ مل ہی گئی۔‘
Getty Imagesسوشل میڈیا پر ارجن تندولکر کی تعریف لیکن رفتار پر تنقید
بھلے ہی جیت میں بہت سے لوگوں کا کردار رہا ہو لیکن ارجن تندولکر بحث کے مرکز میں رہے اور میچ کے بیچ میں ہی ٹرینڈ کرنے لگے۔
میچ کے بعد ان کا نام ٹرینڈ میں سرفہرست تھا۔ جہاں کچھ ان کی تعریف کر رہے تھے وہیں کچھ ان کی گیند کی رفتار پر تنقید بھی کرتے پائے گئے۔
کچھ لوگوں نے لکھا کہ ممبئی انڈینز جیت گئے۔ ارجن تندولکر نے آخری اوور میں 20 رنز کا دفاع کیا۔
ساتھ ہی کچھ لوگوں نے یہ بھی لکھا کہ ’کیوں نہ اس بارے میں بات کی جائے کہ وہ کتنے دباؤ میں رہے ہوں گے۔ پہلے میچ میں دو اوسط اوورز پھینکے۔
’پھر اچانک سلوگ اوور سے انھیں میچ کے آخری اوور میں گیند سونپی گئی۔ ذرا سوچیے کہ ان پر کتنا دباؤ رہا ہو گا۔‘
عرفان پٹھان نے بتایا ارجن کی رفتار کیسے بڑھے گی؟
عرفان پٹھان لیفٹ آرم فاسٹ بولر رہ چکے ہیں۔ انھوں نے اپنی کمنٹری کے دوران بتایا کہ ارجن کو کن چیزوں پر زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’ارجن کو رن اپ میں اپنے فٹ ورک پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کا نان باؤلنگ بازو قدرے تیزی سے نیچے آتا ہے۔ اگر یہ تیزی سے نیچے آ جاتا ہے، تو آپ کے جسم، خاص طور پر کندھے کی قوت جو کہ رن اپ پر لگائی جانی چاہیے وہ گیند پر کم ہو جاتی ہے۔‘
عرفان نے بتایا کہ ’ارجن کو اپنے کندھوں پر قابو رکھنا ہو گا اور نان بولنگ بازو کو بھی قابو میں رکھنا ہو گا جس سے ان کی گیند کی رفتار زیادہ ہو گی۔‘
میچ کی کمنٹری کے دوران عرفان پٹھان نے کہا کہ ’ارجن جوان ہیں، وہ لمبے ہیں، گیند کو سوئنگ کرتے ہیں، یارکر ڈالتے ہیں، بیٹنگ کرنا جانتے ہیں اور ٹیم انڈیا کے بلے بازوں کے سامنے نیٹس میں بولنگ کروانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔‘
اس کے ساتھ عرفان نے یہ بھی کہا کہ ’انھیں جتنے زیادہ مواقع ملیں گے اور وہ ان سے فائدہ اٹھائیں گے، اتنا ہی ان کا اعتماد بڑھے گا اور بہتر ہوتے جائیں گے۔‘
خیال رہے کہ اپنے ٹی 20 کریئر میں اسے میچ سے قبل ارجن تینڈولکر نے 11 میچ کھیلے تھے اور 12 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ان کی اکانومی 6.68 کی ہے۔