Getty Images
بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک مندر میں پوجا کے دوران مندر کا فرش اچانک ٹوٹنے سے کنویں میں گرنے سے کم از کم 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اندور شہر میں پیش آنے والے حادثے میں چودہ دیگر افراد کو بچا لیا گیا ہے اور ایک شخص اب بھی لاپتہ ہے۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرین کنویں کے اوپر کنکریٹ کی ایک سلیب پر کھڑے تھے جب سلیب ٹوٹ گیا اور اور درجنوں افراد تقریبا 40 فٹ گہرے کنویں میں ڈوب گئے تھے۔
یہ واقعہ جمعرات کے روز ہندو تہوار رام نومی کے موقع پر بیلیشور مہادیو جھولی لال مندر میں منعقدہ ایک دعائیہ تقریب کے دوران پیش آیا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ ریسکیو اور ریلیف کا کام تیزی سے مکمل کر رہی ہے۔
سینئر عہدیدار ایلیاراجا ٹی نے اے این آئی نیوز چینل کو بتایا کہ 18 لوگوں کو بچانے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور اب تک دو لوگوں کو چھٹی دے دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاپتہ شخص کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے۔
انڈیا میں مذہبی تقریبات کے دوران حادثات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں اور رواں برس 23 جنوری کو ریاست تامل ناڈو کے دروپتی مندر میں تقریب کے دوران کرین زائرین کے اوپر گرنے سے چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔
Getty Imagesکنویں کے اوپر کنکریٹ سلیب کےٹوٹنے سے درجنوں افراد تقریبا 40 فٹ گہرے کنویں میں ڈوب گئے تھے
وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ہلاک ہونےوالے افراد کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے لئے دو لاکھ روپے کے معاوضے کا بھی اعلان کیا۔