اٹلی کشتی حادثہ: قومی ہاکی ٹیم کی کھلاڑی شاہدہ رضا بھی ہلاک، ’یورپ جانے کی خواہشمند تھی‘

اردو نیوز  |  Feb 28, 2023

اٹلی میں اتوار کو تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے واقعے میں چار پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں خواتین کی قومی ہاکی اور فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی شاہدہ رضا بھی شامل ہے۔

منگل کو پاکستان کے دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ اٹلی میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں چار پاکستانیوں کی ہلاکت ہوئی۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ’نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق لیبیا میں بن غازی کے مقام پر کشتی الٹنے سے چار پاکستانی ہلاک ہو گئے۔ تریپولی میں پاکستانی سفارت خانہ لاشوں کو پاکستان پہنچانے کے انتظامات کر رہا ہے۔‘

ہلاک ہونے والے پاکستانیوں میں قومی ہاکی ٹیم کی خاتون کھلاڑی شاہدہ رضا بھی شامل ہے۔

شاہدہ رضا کی خالہ زاد بہن نادیہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ شاہدہ کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا اور وہ کوئٹہ کے علاقے مری آباد کی رہائشی تھی- 

ان کے بقول شاہدہ ہاکی اور فٹ بال دونوں کھیلتی تھیں اور دونوں کھیلوں میں قومی ٹیم کی نمائندہ کرچکی تھی- وہ پاک آرمی ٹیم کا بھی حصہ رہی-

’ان کی چند سال قبل شادی ہوئی اور پھر علیحدگی ہونے کے بعد ذہنی دباؤ کا شکار تھی-‘ 

نادیہ نے بتایا کہ شاہدہ رضا یورپ جانے کی خواہشمند تھی اور اسی کوشش میں جان گنوا بیٹھی۔

 بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سید امین نے کشتی حادثے میں شاہدہ رضا کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پی ایچ ایف وومن ونگ کے عہدیداروں بشمول سیدہ شہلا رضا، تنزیلہ عامر چیمہ اور دیگر نے شاہدہ رضا کی کشتی حادثے میں فوتگی پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More