پاکستان کے مقبول شوبز سٹار فواد خان کے نام سے کون واقف نہیں مگر کیا آپ کو ان کی لکس زیادہ پسند ہیں، ایکٹنگ یا گلوکاری۔۔۔ اس کا فیصلہ کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ان میں ٹیلنٹ اور لکس دونوں کا امتزاج ہے۔
کبھی وہ پی ایس ایل کا اینتھم سونگ گا کر اپنے مداحوں کا دل جیتتے ہیں تو کبھی مولا جٹ جیسی سپر سٹار فلموں سے مداحوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔
ان کے مداح انھیں ایک ورسٹائل ایکٹر قرار دیتے ہیں جو مزاح، اینگری ینگ مین کا روپ،سنجیدہ اداکاری اور رومانس سب کو باخوبی نبھاتے ہیں۔
پاکستان کے سوشل میڈیا پر وہ ایک بار پھر ٹرینڈ کر رہے ہیں اور اس کی دو وجوہات ہیں۔
ایک وجہ تو او ٹی ٹی پلیٹ فارم زندگی پر ان کی نئی سریز ’برزخ‘ کی شروعات ہونے جا رہی ہیں جس میں وہ صنم سعید کے ساتھ نظر آئیں گے۔
برزخ کا مارچ میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’زی زندگی‘ پر گلوبل پریمیئر ہو گا۔ ابھی حال ہی میں اسے فرانس میں سیریز مینیا فیسٹول کے لیے چنا گیا ہے اور ان کی یہ سیریز جنوبی ایشیا سے منتخب ہونے والی واحد سیریز ہے۔
https://twitter.com/AfshanYounus/status/1623343275078828044
فواد خان اس سیریز میں ایک سنگل پیرنٹ کے کردار میں نظر آئیں گے جبکہ ان کے ساتھ صنم سعید بھی ہو گی۔
اس مقبول آن سکرین جوڑی کی واپسی پر ان کے مداح برزخ کو ان کے ماضی کے مقبول ڈرامہ ’زندگی گلزار ہے‘ کا پارٹ ٹو قرار دے رہے ہیں۔
https://twitter.com/Saad_Bukhari_/status/1623369378120204291
برزخ میں ان کی اداکاری پر ایک مداح نے لکھا کہ ’یہ واقعی شائقین کو پکڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان کی دلوں کی دھڑکن فواد خان کو پتا ہے کہ لیڈ کردار کیسے نبھانا ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’لگتا ہے اس شو میں ہزاروں جذبات ہوں گے اور پرکشش فواد خان ایک شاندار کہانی کے ساتھ سکرین پر واپس آئے ہیں۔‘
فواد خان کی فین فالونگ نہ صرف پاکستان بلکہ انڈیا میں بھی ہے اور ’برزخ‘ میں ان کی واپسی پر انڈیا سے ان کے ایک مداح نے تبصرہ کیا کہ ’فواد خان کی واپسی۔۔۔ مجھے اس کی بہت خوشی ہے، میں انھیں سکرین پر دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔‘
https://twitter.com/anihachaudhry/status/1623343538564915202
فواد خان کے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے کی دوسری وجہ حال ہی میں ایک فوڈ ایپ کا نشر ہونے والا اشتہار ہے۔
اگرچہ اس اشتہار میں ماڈل اور اداکارہ فریال محمود اور پاکستانی کرکٹر شاداب خان بھی موجود ہیں مگر سب کی توجہ فواد خان پر ہی مرکوز رہی۔
اس اشتہار کا پاکستانی ٹی وی اور سوشل میڈیا پر آنا تھا کہ ان کے مداحوں نے اس پر تبصرے کرنا شروع کر دیے۔
کوئی ان کی ڈراموں پر واپسی کے لیے پٹیشن کی بات کرنے لگا تو کسی نے اشتہار میں ان کی اداکاری اور تاثرات کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
https://twitter.com/_harramm/status/1621957807279857666
ان کی اداکاری پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’فواد خان کے اشتہار نے مجھے ان کی ٹی وی پر یاد کو زیادہ کر دیا۔ کوئی ایک اشتہار میں اتنا اچھا کیسے لگ سکتا ہے۔ میرا مطلب ہے اشتہار میں ان کی مزاحیہ اداکاری دیکھیں، ان کے تاثرات، ان کا انداز، لباس اور ان کی پرکشش شخصیت۔‘
https://twitter.com/imaginationofMA/status/1623269884640763904
انڈیا سے ایک صارف نے ان کی اداکاری اور پرکشش شخصیتکا موازنہ بالی وڈ کے تین سپر سٹارز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان سے کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارے پاس کتنے مقبول خان ہیں لیکن ہمارے پاس فواد خان نہیں۔‘
اس کے جواب میں ان کے ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ فواد خان کی اداکاری، تاثرات اور پرکشش شخصیت کا کوئی مقابلہ نہیں۔‘
فواد خان نے حال ہی میں پاکستانی فلم مولا جٹ میں مولے کا کردار ادا کیا جو ناظرین کو بہت پسند آیا تھا اور اب رواں برس عیدالفطر کے موقع پر وہ ایک اور فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں نظر آئیں گے۔