ایک روزہ کرکٹ کی سب سے بڑی جیت: ’317 رن سے فتح اور وہ بھی ون ڈے میچ میں؟‘

بی بی سی اردو  |  Jan 15, 2023

انڈیا کی کرکٹ ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے سری لنکا کو 317 رن کے مارجن سے ہرایا تو یہ نتیجہ اور اس میچ کی سکور لائن یقینا حیران کن تھی۔

سری لنکا اور انڈیا کے درمیان ایک روزہ میچز کی سیریز میں یہ تیسرا میچ تھا جس میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو یہ نتیجہ غالبا کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہو گا۔

انڈیا کی بلے بازی کے آغاز سے بھی ایسا کوئی گمان نہیں ہوا کہ سکور لائن ایسی ہو گی جب کپتان روہت شرما 42 رن بنانے کے بعد آوٹ ہوئے۔

یہ وکٹ وراٹ کوہلی اور شبھم گِل کے درمیان ایک ایسی شراکت داری کی ابتدا تھی جس نے میچ کا پانسا پلٹ دیا۔

https://twitter.com/CricCrazyJohns/status/1614599415553232901?s=20&t=rX3euFkW9zSFjQtq1A3vAg

وراٹ کوہلی آج اپنے اصل رنگ میں نظر آئے اور جس وقت شبمن گل آوٹ ہوئے تو وہ دونوں ہی سنچری سکور کر چکے تھے اور 34 اوورز میں سکور 226 ہو چکا تھا۔

وراٹ کوہلی نے آٹھ چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے صرف 110 گیندوں پر 166رن سکور کیے اور اپنے ایک روزہ کیریئر کی 46ویں سنچری سکور کی۔

50 اوورز میں 390 رن کا ٹارگٹ یقینا ایک بڑا ہدف تھا لیکن ون ڈے کرکٹ میں اس سے زیادہ مجموعہ بھی بنایا جا چکا ہے۔

تاہم سری لنکا کی اننگ میں وہ روانی نہیں آ سکی جس سے میچ دلچسپ ہوتا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔

https://twitter.com/ICC/status/1614593269261811713?s=20&t=rX3euFkW9zSFjQtq1A3vAg

حتی کہ پوری ٹیم ہی صرف تہتر رن بنا کر22ویں اوور میں ہی آوٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے سات بلے باز ایسے تھے جو دس کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر پائے۔

انڈیا کی جانب سے محمد سراج نے چار جبکہ محمد شامی اور کلدیپ یادوو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جیت کا یہ مارجن، جو 317 رن کا ہے، ایک روزہ میچز میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 2008 میں آئر لینڈ کو 290 رن سے شکست دی تھی۔

شکست کا مارجن اتنا بڑا تھا کہ سوشل میڈیا پر صارفین بھی حیرت زدہ تھے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’سمجھ نہیں آیا کہ انڈیا اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے میچ تھا یا پھر ٹیسٹ میچ۔ تین سو سترہ رن سے فتح اور وہ بھی ون ڈے میں۔‘

https://twitter.com/Afaaqiqbal/status/1614628384377827328

انڈیا کی بیٹنگ لائن اپ کے لیے یہ سکور کوئی انہونی بات نہیں۔

دوسری جانب انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے لکھا کہ ’انڈیا کو جدید انداز میں ون ڈے کرکٹ کھیلتے دیکھ کر اچھا لگا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے پاس وہ تمام مہارت اور وسائل موجود ہیں جو اسے دنیا کی بہترین ٹیم بنا سکتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ایسا کرنے کے لیے انڈیا کو تسلسل کے ساتھ بیٹ اور بال دونوں کے ساتھ ہی جارحانہ طریقے سے کھیلنا ہو گا۔‘

https://twitter.com/MichaelVaughan/status/1614611995709345793

پاکستان میں بھی اس میچ کے بعد وراٹ کوہلی کے چاہنے والوں نے سوشل میڈیا کا رخ کیا جنھوں نے اس میچ میں سنچری کے بعد مجموعی طور پر تہتر بار سو کا ہندسہ پار کیا ہے۔

پاکستانی کھلاڑی احمد شہزاد نے لکھا کہ ’لوگ کہتے تھے کہ وہ ختم ہو گیا لیکن وہ واپس آ چکا ہے۔ پچھلے چار میچوں میں تین بار سنچری سکور کی ہے۔‘

https://twitter.com/iamAhmadshahzad/status/1614596641784463361

اب ٹیم انڈیا ایسے حیران کن نتائج کا سلسلہ جاری رکھے گی یا نہیں، اس کا فیصلہ بھی بڑی حد تک وراٹ کوہلی کی فارم ہی کرے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More