قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے گذشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے انٹرنیشل میچ میں پہلی بار 5 وکٹیں لیں جس کے بعد انہوں نے سجدہ ریز ہوکر اللہ کا شکر ادا کیا۔
نسیم شاہ نے اپنی بہترین کارکردگی اپنی مرحوم والدہ کے نام کردی اور انہیں یاد کرتے ہوئے جذباتی پیغام بھی جاری کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر نسیم شاہ کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ جب میں نے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی شروع کی تھی تب میری والدہ کو کرکٹ سے متعلق کچھ معلوم نہیں تھا لیکن میں نے ان سے کہا تھا کہ میں جب بھی 5 آؤٹ کروں گا آپ کے نام کروں گا اور جب آپ مجھے ٹی وی پر دیکھیں گی تو بہت خوش ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے وہ مجھے آج نہیں دیکھ سکتیں لیکن والدہ ہر سیکنڈ میرے دماغ میں رہتی ہیں اور میں اپنی کارکردگی والدہ کے نام کرتا ہوں۔ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا مزید کہنا تھا کہ میں پرفارم کروں یا نہ کروں مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں والدہ سے بات کررہا ہوں۔
خیال رہے نسیم شاہ 5 وکٹیں لے کر مین آف دی میچ قرار پائے۔ فاسٹ باؤلر کامیچ کے بعد ٹوئٹر پر مین آف دی میچ کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے نسیم شاہ نے لکھا کہ پاکستان کی جیت سب سے خوبصورت احساس ہے، پرفارمنس کا مزہ ہی تب ہے ، بابر اعظم ، محمد رضوان ، محمد وسیم جونیئر اور نواز سمیت ہر ایک نے اس میں اپنا کردار ادا کیا، یہ ٹیم کی محنت ہے۔