پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو کو سیلاب زدہ علاقے کا دورہ مہنگا پڑ گیا، مہنگے ترین جوتے پہن کر ننگے پاؤں کھڑے غریب بچوں کے ساتھ تصویر نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا۔
سوشل میڈیا کے دور میں عوام کی حالات زار اور حکمرانوں کے ٹھاٹھ چھپانا کسی صورت ممکن نہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے سیاستدان گوکہ خود کو عوام کا خادم قرار دیتے ہیں لیکن حقیقت میں عوام اور ان خادموں کا رہن سہن بالکل الگ ہے۔
کہیں مریم نواز لاکھوں کے جوتے اور ہینڈبیگ استعمال کرتی ہیں تو کبھی عمران خان مہنگے ترین برانڈز کے ٹریک سوٹس اور جوتے پہن کر جاگنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے چھوٹے چھوٹے بچوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصویر بھی بنوائی لیکن یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہر طرف سے بلاول بھٹو پر تنقید ہورہی ہے۔
سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین نے بھی بلاول بھٹو کے مہنگے ترین جوتوں اور ننگے پاؤں کھڑے بچوں کا موازنہ کیا اور بلاول کو مہنگے جوتے پہننے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلاول نے ایڈیداس کے یزی 450 جوتے پہنے جن کی قیمت انٹرنیٹ کے مطابق 6500 سے شروع ہوکر 15 لاکھ تک ہے۔