"اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے یہ دن دکھایا کہ ماں باپ 6 مہینوں بعد اپنی بچی سے ملے۔ جتنا ہم اسے یاد کررہے تھے وہ بھی ہمیں یاد کررہی تھی"
یہ کہنا ہے مہدی علی کاظمی کا جن کی چند مہینوں پہلے لاپتہ ہونے والی بیٹی اب چائلڈ پروٹیکشن کے ادارے میں رہتی ہیں۔ مہدی علی کاظمی کا کہنا ہے کہ یہ سب عوام کی دعاؤں سے اور قانون کی مدد سے ممکن ہوا کہ ان کی بچی آج صحیح سلامت موجود ہے۔
بیٹی سے ملاقات میں وقت گزرنے کا پتہ ہی نہیں چلا
5 گھنٹوں کی ملاقات کا احوال سناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وقت گزرنے کا پتہ بھی نہیں چلا۔ ادارے کی جانب سے ایک خاتون وہاں موجود تھیں اور ان کے سامنے ہی بچی سے ملاقات کی گئی۔ وقت کا پتہ اس وقت چلا جب ملاقات کا ٹائم ختم ہوگیا۔
اگلی بار اپنی بچی کے لئے کھلونے اور کتابیں لے جاؤں گا
مہدی علی کاظمی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم جو کچھ سامان اپنی بیٹی کے لئے لے گئے وہ ہمیں نہیں لے جانے دیا گیا کیونکہ ادارے کے اصولوں کے مطابق اس کے لئے عدالت سے اجازت نامہ لینا ضروری ہے۔ اس لئے اگلی بار میری بیٹی کو جس چیز کی ضرورت ہوگی کپڑے، جوتے، کھلونے یا کھانے پینے کی چیزیں اور کتابیں وغیرہ ان سب کی اجازت لے کر جاؤں گا اور اپنی بیٹی کو دوں گا۔
بیٹی اچھے ماحول میں ہے
ان کا کہنا تھا کہ انھیں اس بات کی بہت خوشی ہے کہ ادارہ اپنے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے جو کہ ایک اچھی بات ہے نیز وہاں کا ماحول بھی اچھا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ اپنی بیٹی سے ملاقاتیں کرتے رہیں گے۔