کار میں فرانس سے پاکستان تک ۔۔ کتنے دن اور کتنا پیٹرول ڈالا گیا؟

ہماری ویب  |  Oct 06, 2022

کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں اور اپنے شوق کو پورا کرنے کیلئے لوگ اکثر ایسے کام بھی کرجاتے ہیں جن کا عام طور پر تصور بھی محال ہے، ایسا ہی کچھ ایک پاکستانی خاندان نے بھی کیا جو کار میں طویل سفر کرکے فرانس سے پاکستان پہنچا ہے۔

پیرس میں رہنے والے پاکستانی علی سعد نے 24 جون 2022 کو فرانس سے پاکستان کے سفر کا آغاز کیا اور 11 اگست کو پاکستان پہنچے۔

میڈیا سے گفتگو میں علی سعد نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی گھومنے پھرنے کا کافی شوق تھا اور وہ اپنی گاڑی اور موٹرسائیکل پر پاکستان گھوم چکے ہیں، ایک دن یوں ہی بیٹھے بیٹھے خیال آیا کہ کیوں نا فرانس سے پاکستان اپنی گاڑی میں سفر کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ فرانس سے پاکستان آتے ہوئے انہیں 18 دن لگے اور واپس جاتے ہوئے 12 دن میں فرانس پہنچ گئے، سفر میں ان کی اہلیہ اور 2 بچے ان کے ساتھ تھے۔

علی سعد کا کہنا تھا کہ میرا مقصد صرف ایک کونے سے دوسرے کونے تک جانا نہیں بلکہ گھومنا پھرنا تھا، اسی لیے میں سیدھا راستہ طے کرنے کے بجائے مختلف ممالک سے ہوتا ہوا آیا۔ سب سے پہلے ہم جرمنی گئے، وہاں سے آسٹریا، پھر سلووینیا، کروشیا، بوسنیا، مونٹینیگرو، البانیا، یونان، ترکیہ، ایران سے ہوتے ہوئے پاکستان پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے بہت نیند آتی تھی جس کے لیے میں ہر دو سے ڈھائی گھنٹے بعد کہیں قیام کرکے کافی پیتا تھا، اس کے علاوہ چہل قدمی بھی کرتا تھا تاکہ ٹانگوں میں درد نہ ہو۔

علی سعد نے بتایا کہ کار کے سفر کے دوران ہوائی سفر سے زیادہ خرچا آیا بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ فرانس سے پاکستان کے ہوائی سفر سے 3 گنا زیادہ پیسے پیٹرول پر خرچ ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سفر میں تقریباً ایک ہزار 500 لیٹر پیٹرول ڈلوایا اور دو طرفہ ٹور میں صرف فیول پر پاکستانی 7 یا ساڑھے 7 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More