اسلام آباد ہائی کورٹ کی خاتون جج کو دھمکی دینے پر سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا کیس ختم کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں 5 ججز پر مشتمل لارجر بینچ نے کی۔
پانچ رکنی لارجر بینچ میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار موجود تھے۔
توہینِ عدالت کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔عمران خان کے وکیل حامد خان، شاہ محمود قریشی اور دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی عدالت پہنچے۔
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ بیانِ حلفی ہم نے دیکھ لیا ہے، عمران خان نے نیک نیتی ثابت کی اور معافی مانگنے گئے، ہم توہینِ عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر کے کارروائی ختم کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ لارجر بینچ کا متفقہ فیصلہ ہے، ہم عمران خان کے کنڈکٹ سے بھی مطمئن ہیں۔
بعد ازاں سابق وزیرِ اعظم عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ سے روانہ ہو گئے۔
کورٹ سے روانگی پر عمران خان نے کیا کہا؟ دیکھئے ویڈیو۔