“انجلینا جولی سیلاب زدگان کی مدد کرنے پاکستان آگئی ہیں۔ متاثرین کو امید اور پیار دے رہی ہیں اور ان کی آواز بین الاقوامی اداروں میں پہنچا رہی ہیں کہ آ کر ان کی مدد کریں جبکہ پاکستان کی شوبز شخصیات ایوارڈ شو یں شرکت کے لئے ٹورونٹو گئے ہوئے ہیں۔ حدیقہ کیانی کے علاوہ کسی ایک کو بھی توفیق نہیں ہوئی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں جا کر متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا“
یہ الفاظ ہیں شرمیلا فاروقی کے جو انھوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پاکستانی شوبز شخصیات کو آئینہ دکھاتے ہوئے لکھے۔
شرمیلا مزید لکھتی ہیں کہ میں خود فنکاروں کے ایوارڈز شوز اقر ثقافتی تقریبات میں شرکت کرنا پسند کرتی ہوں لیکن یہ وقت سیلاب سے متاثر ان لوگوں کی مدد کرنے کا ہے جنھوں نے اپنے پیارے، خاندان اور گھر بار جان لیوا سیلاب میں کھو دیئے ہیں ۔ ہر طیز کا ایک وقت ہوتا ہے۔ خوشیاں منانے اور غم منانے کا بھی وقت ہوتا ہے۔ ہمارے ملک میں انسانیت کی بہت کمی ہے۔ یہ وقت متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونے اور انھیں حوصلہ دینے کا ہے۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ جن لوگوں نے ہمیں پیار اور شناخت دی ہم انھیں ان کا دیا گیا پیار لوٹائیں۔
نور بخاری کا ردعمل
واضح رہے کہ اس وقت پاکستان کی مشہور شوبز شخصیات ایوارڈ شو میں شرکت کے لئے کینیڈا گئی ہوئی ہیں جبکہ ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر سیلاب سے متاثر لوگوں کی امداد کے لئے پاکستان آئی ہوئی ہیں۔ شرمیلا کے علاوہ نور بخاری نے بھی پاکستانی شوبز شخصیات کے اس عمل پر سخت الفاظ ادا کیے ہیں۔