معروف ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی جہاں اپنے بے مثال حسن کی وجہ سے نمایاں مقام رکھتی ہیں وہیں ان کے خوبصورت دل نے بھی لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے۔ اس وقت بھی انجلینا حالیہ سیلاب کے پیش نظر غریب عوام کی مدد کرنے پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
انجلینا جولی اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی خصوصی سفیر بھی ہیں۔ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق انجلینا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی اور متاثرہ لوگوں سے ملاقات کے علاوہ مستقبل میں موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے مسائل کے حل پر بھی بات چیت کریں گی۔
واضح رہے کہ انجلینا اس سے پہلے بھی 2005 کے زلزلے اور 2010 میں سیلاب کے بعد پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔