دبئی:ایشیا کپ میں پاکستان اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کے درمیان میچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پاکستان کیلئے اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے آج کا میچ ہر صورت جیتنا ضروری ہے۔
پاکستان کو پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بھارت نے ہانگ کانگ کو اپنے دوسرے میچ میں 40 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ ہانگ کانگ کی ٹیم کی قیادت نزاکت خان کرینگے۔ پاکستان کیلئے یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے ورنہ پاکستان ایشیا کپ سے باہر ہوجائے گا۔
ٹورنامنٹ کا سپر فور مرحلہ 3 ستمبر سے شروع ہو کر 9 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ فائنل میچ 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کو ہلکا نہیں لینا چاہیے، میں سمجھتا ہوں حیدر علی کو چانس ملنا چاہیے، خوشدل اور آصف پر رسک لینا چاہیے اور شعیب ملک کی طرح کا کوئی کھلاڑی ٹیم میں ہوتا تو اچھا ہوتا۔