دبئی:قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرز حارث رؤف اور نسیم شاہ کو ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے لیے فٹ قرار دے دیا گیا تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے۔
ثقلین مشتاق کو گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران دائیں گھٹنے پر گیند لگی جس کی وجہ سے ان کا گھٹنا سوجن کا شکار ہے اور وہ تکلیف بھی محسوس کر رہے ہیں۔
ایشیا کپ میں پاکستان کو پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے شکست ہوئی جبکہ پاکستان ٹیم دوسرا میچ جمعے کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی،سپر فور میں پہنچنے کے لیے پاکستان ٹیم کو یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ فاسٹ بولر شاہین آفری بھی گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں اور وہ ری ہیب کے لیے انگلینڈ میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کمر کی تکلیف کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو چکے ہیں۔ محمد رضوان، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھارت کے خلاف میچ میں کریمپس کی وجہ سے تکلیف میں دکھائی دیے۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرز حارث رؤف اور نسیم شاہ کو ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے لیے فٹ قرار دے دیا گیا۔
حارث رؤف اور نسیم شاہ کو کچھ دن آرام کروانے کے بعد اب میچ کے لیے مکمل فٹ قرار دے دیا گیا ہے اس حوالے سے ٹیم حکام کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولرز کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں تھی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں اتوار کے روز بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں حارث رئوف اور نسیم شاہ کو بولنگ کرنے میں تکلیف پیش آئی تھی۔