گھر بھی نہ بچا ۔۔لاڑکانہ ایکسپریس شاہنواز دھانی کا گاؤں بھی سیلاب میں ڈوب گیا

ہماری ویب  |  Aug 31, 2022

لاڑکانہ: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کا گاؤں بھی سیلاب کی نذر ہوگیا، کرکٹر کے گاؤں میں ہر طرف پانی ہی پانی، کئی روز سے بجلی غائب ہے۔

گزشتہ ہفتے شاہنواز دھانی نے اپنی ٹوئٹ میں حکومتی اور غیر سرکاری تنظیموں سے اپیل کی تھی کہ وہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔

قومی کرکٹر نے ملک کے ان علاقوں کے بارے میں بات کی جہاں موسلادھار مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں سے ایک دوسرے کی مدد کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔

دوسری جانب صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ سندھ میں سیلاب سے ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔ 402 اموات ہوئیں اور ایک ہزار 55 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے مون سون نقصانات اور امدادی کارروائیوں سے متعلق تفصیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ جولائی کے مہینے میں اوسط سے 308 فیصد اور اگست میں 784 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی۔

2010 کے سیلاب نے دریائے سندھ کے دائیں کنارے جبکہ 2011 کی بارشوں نے سندھ کے بائیں کنارے کو متاثر کیا تھا۔ اس مون سون نے تمام 30 اضلاع کو شدید متاثر کیا ہے۔

سندھ اونچے درجے کے دریائی سیلاب کی زد میں ہے،550,000 کیوسک سے زیادہ سیلابی ریلا گڈو اور سکھر سے گزر رہا ہے۔کچے کے تمام علاقے زیر آب آگئے جس سے ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔

سندھ میں 402اموات ہوئی اور ایک ہزار 55 افراد زخمی ہوئے ہیں،ابتدائی طور پر 860 ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ تقریبا 15 لاکھ مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن کے لاگت 450 ارب روپے ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More