دبئی :ایشیا کپ 2022 کا آغاز آج متحدہ عرب امارات میں ہو گاجس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور بھارت کے شہرہ آفاق بلے باز ویرات کوہلی سمیت ایشیا کے بڑے کرکٹرز میدان میں اپنے جوہر دکھائیں گے۔پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان پہلا کل کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی عدم دستیابی پر بابراعظم پر زیادہ انحصار کرے گی جو بیٹنگ میں اپنی صلاحیتیں منوا چکے ہیں۔ آئی سی سی کی درجہ بندی میں ٹی20 اور ون ڈے میں سرفہرست 27 سالہ بلے باز بابراعظم ایشیا کپ سے قبل ہونے والی سیریز میں نیدرلینڈز کے خلاف 2 نصف سنچریاں بنا کر بھرپور فارم میں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سے قبل ایشیا کپ میں 13 بار ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں جہاں بھارت نے 7 جبکہ پاکستان نے 5 میچز میں کامیابی حاصل کی اور ایک میچ ٹائی ہوا، یوں ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا فتوحات کے اعتبار سے پلڑا بھاری ہے۔
ٹورنامنٹ کے میچز 27اگست اور 11ستمبر 2022 تک محدود فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے طور پر متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، فائنل میچ 11 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ اصل میں یہ ٹورنامنٹ ستمبر 2020 میں منعقد ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث یہ ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا تھا۔
ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی جن میں پاکستان، دفاعی چیمپئن بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں، ان 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
گروپ اے میں پاکستان ، بھارت اور ہانگ کانگ ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا میچ ہانگ کانگ کے خلاف 2 ستمبر کو شارجہ میں کھیلے گی۔ بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ 7 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ سری لنکن ٹیم پانچ مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ پاکستان کی دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔