پاکستان میں ان دنوں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کئی شہروں میں بارش کا پانی سیلاب کی شکل اختیار کرچکا ہے اور اس مون سون سیزن میں سیکڑوں افراد ہلاک جبکہ اربوں روپے کی املاک تباہ ہوچکی ہیں۔
سندھ میں شدید بارشوں کے باعث عمرکوٹ ضلع شدید متاثرہ علاقوں میں شامل ہے، سانگھڑ شہر 80 فیصد ڈوب گیا ہے اور کچے مکانات میں رہنے والوں نے شاپنگ سینٹرز میں پناہ لے رکھی ہے۔ خیر پور میں چھت گرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی ہے، دادو بھی زیر آب آگیا ہے، ٹھٹھہ کے شہر گھارو میں بھی پانی نے تباہی مچادی ہے۔
پنجاب کا بڑا سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہوچکا ہے جس کے باعث سکھر اور گڈو بیراج پر سیلابی صورتحال ہے۔ کراچی میں بھی مسلسل بارش نے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے اور تھڈو ندی پھر اوور فلو ہوگئی ہے۔
کاٹھوڑ کے قریب کراچی سے حیدرآباد جانے والا بدقسمت خاندان بھی ریلے کی نذر ہوگیا ہے، گاڑی میں میاں بیوی اور چار بچے سوار تھے، کاٹھوڑ کے مقام پر گاڑی کو تباہ حالت میں نکال لیا گیا ہے اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔
بلوچستان سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا اور صوبے میں بارش اور سیلاب کی وجہ سے 200 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور کئی علاقوں میں لوگ کھلے آسمان تلے حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ اس ویڈیو میں سیلاب سے تباہی پر ننھا بچہ آذان دیکر رب سے مدد کی فریاد کررہا ہے۔