کراچی (13اگست، 2022) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے 10 تا 12 اگست کراچی کے درکا دورہ کیا، جس کا مقصد امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی اشتراک اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ امریکی سفیر نے وفاقی وزیر برائے بحری امور، سندھ اور بلوچستان کے وزراء اعلیٰ، ایڈمنسٹریٹرکراچی اور کمانڈر پاک بحریہ پاکستان فلیٹ (کامپاک ، پاکستانی حکام، تجارتی نمائندگان، کاروباری و توانائی صنعتوں کے سربراہان اور دیگر کاروباری و تجارتی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں ۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ "کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہونے کیساتھ توانائی کی بے پناہ صلاحیتوں سے بھرپور شہر ہے، اس شہر کا دوبارہ دورہ کرنے کا موقع ملنے پر بے انتہا خوشی ہوئی۔ اس سال ہم امریکا اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات کو 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ ایسے موقع پر دونوں ممالک میں تجارتی شراکتداری، سرمایہ کاری، توانائی، صحت، سکیورٹی، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔"

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پورٹ قاسم کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکی سفیر نےان اقدامات پر دلچسپی کا اظہار کیا، جن کی مدد سے امریکی بندرگاہوں اور بحری اداروں کیساتھ رابطہ کاری مزید بہتر بنانے کیلئے دونو ممالک کام کر سکیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقاتوں میں امریکی سفیر نے سیاسی، معاشی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ دونوں صوبوں میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونیوالے نقصانات کے ازالے، متاثرین کی بحالی و امداد کیلئے جاری کاوشوں پر بھی گفت و شنید ہوئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں امریکی سفیر نے اعلان کیا کہ امریکا کی جانب سے نئی مالی امداد کی مد میں 10 لاکھ ڈالرز جاری کیئے جار رہے ہیں۔ اس امداد سے نہ صرف سندھ میں زراعت سے وابستہ طبقے کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی، بلکہ قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق پاکستانی اداروں کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا، تاکہ سندھ، خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں آنے والی تباہکاریوں سے بروقت نمٹا جا سکے۔
امریکی سفیرڈونلڈ بلوم اورایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب کے درمیان ملاقات کے دوران شہر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے ہونیوالے اثرات پر بات چیت کی گئی، جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کے مواقع پر بھی غور کیا گیا۔ امریکی سفیر نے وائیس ایڈمرل کامپاک اویس بلگرامی سے ملاقات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی و امدادی آپریشنز پر بات چیت کی، جبکہ امریکا-پاکستان عسکری تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطی کی سلامتی کیلئے عسکری تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کارگل پاکستان کے سی ای او عمران نصر اللہ سے ملاقات کی ، جبکہ انہوں نے پورٹ قاسم پر قائم ایکسیلریٹ کے فلوٹنگ اسٹوریج اور ری گیسیفکیشن یونٹ کا دوہ کیا۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے زور دیا کہ ایل این جی سے متعلق اینگرو اور ایکسیلریٹ کی مشترکہ کاوشوں میں کامیابی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ امریکی سفیر کی جانب سے پاکستانی و امریکی تجارتی لیڈران سے ملاقاتوں میں خدمات، مصنوعات اور پروگرامز کے ذریعے پاکستان میں امریکی تجارت اور سرمایہ کاری کو تقویت دینے کیلئے عزم کا اظہار کیا گیا۔
امریکی حکومت پاکستان اورامریکا کے درمیاں تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے، تا کہ دونوں ممالک کی اقوام کے مستحکم، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ 2021ع میں باہمی تجارت کا حجم بڑھ کر تقریباً 9 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔ امریکا کو پاکستان کیلئے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ اور بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت بڑے ذریعے کی حیثیت حاصل ہے، گذشتہ سالوں میں امریکا کی براہ راست سرمایہ کاری میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ امریکی کمپنیز اور ان کے مقامی شراکتدار پاکستان میں سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع مہیا کرنے والوں میں شامل ہیں، جبکہ تقریباً 80 امریکی کمپنیوں کی جانب سے ایک لاکھ 25 ہزار پاکستانیوں کو بلواسطہ اور 10 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو بلاواسطہ ملازمتیں دی گئی ہیں۔ 2021ع میں امریکی فرمز کی جانب سے پاکستان میں کارپوریٹ سماجی ذمیداری کے تحت 5.7 ملین ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے دورہ کراچی کے نمایاں پہلووں میں لیاقت میموریل لائبریری میں لنکن کارنر کا دورہ شامل ہے، جہاں انہوں نے سندھ کے وزیر برائے تعلیم و سیاحت سید سردار علی شاہ کیساتھ اسٹارٹ اپ لیب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ یہ اسٹارٹ اپ لیب پاکستان میں اپنی نوعیت کی ایک ایسی منفرد اور پرسکون جگہ ہے، جہاں کاروبار کا شوق رکھنے والے افراد مفت میں جدید ٹینکنالاجی اور آلات استعمال کرکے اپنا کاروبار شروع کرنے کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا اور پاکستان میں عوامی سطح پر تعلقات ہماری مشترکہ طاقت ہیں، سندھ کے محکمہ سیاحت کیساتھ شراکتداری باعث فخر ہے، جسکے ذریعے یقینی بنایا جا سکتا ہے کہ پاکستانی لوگ 21ویں صدی کی چیلینجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ لنکن کارنر کراچی امریکی مشن برائے پاکستان کے نیٹورک امریکی اسپیسز کے 18 نیٹ ورکس میں سے ایک ہے، جو مفت تعلیم اور ثقافتی پروگرامز کیساتھ پاکستان کےنوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور معلومات کے ذرائع فراہم کرتا ہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سندھ ایکسپلوریشن وایڈوینچرسوسائٹی (سیز) کے نمائندگان ڈاکٹرعاصمہ ابراہیم اور ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری کے ہمراہ فریئر حال کراچی کا دورہ کرتے ہوئے شاہکار فن تعمیر کا معائنہ کیا۔ سیز، امریکی حکومت کی جانب سے امریکی سفیر فنڈ برائے بحالیٴ تاریخی وثقافتی ورثہ (AFCP) فنڈ کے تحت فریئر ھال کی بحالی منصوبے پرکام کر رہی ہے ۔ یہ منصوبہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہم پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کا احترام و قدر کرتے ہیں۔
امریکی سفیر کو پاکستان میں اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر کراچی میں اقلیتی برادریوں کے مندوبین سےملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، جس میں مذہی رواداری، برداشت اور بین المذاہب تعاون کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ انہوں نے مزار قائد کا دور کیا اور آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر بانی پاکستان محمد علی جناح کی مزار پر پھول رکھے اور خراج عقیدت پیش کیا۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ "مزار قائد کا دورہ اور بانی پاکستان محمد علی جناح کے عظیم ورثے کویاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنا میرے لئے باعث فخر ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بشمول پڑوسی ممالک میں امن سمیت پاکستان میں مذہبی رواداری، معاشی و معاشرتی استحکام کا تصور پیش کیاامریکا کو بانی پاکستان کی ان تصورات کا بیحد احترم ہے ۔ ہم امریکی عوام کے طرف سے پاکستان کو آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ "