کراچی:ممنوعہ فنڈز کی تحقیقات کے معاملے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)حکام نے پاکستان تحریک انصاف کے کراچی میں کھلوائے گئے تین بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرلیں۔ذرائع نے بتایاکہ اکاؤنٹس نجی بینک کی زمزمہ برانچ میں سال 2005 میں کھلوائے گئے تھے، پی ایس 113 پی ٹی آئی کے نام سے کھولے گئے اکاؤنٹس میں 3 کروڑ 94 لاکھ 71 ہزار 630 روپے کی ٹرانزیکشن ہوئیں۔تحقیقاتی ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ بینک اکائونٹ کو سال2011 سے جولائی 2012 تک استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی ویمن ونگ کے اکائونٹ میں 10 لاکھ 77 ہزار 850 روپے کی ٹرانزیکشن ہوئیں، اکاؤنٹ دسمبر 2011 کے بعد فروری 2016 میں دوبارہ فعال کیا گیا، دسمبر 2011 تک جمع کروائی گئی رقم فروری 2016 میں نکالی گئی۔ذرائع ایف آئی اے نے بتایاکہ پی ٹی آئی کے نام سے کھلوائے گئے تیسرے اکاؤنٹ میں 87 لاکھ 273 روپے کی ٹرانزیکشن ہوئیں، سال2011 میں کھلوایا گیا یہ اکانٹ بھی 2016 میں غیر فعال کردیا گیا۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے نے رقم جمع کروانے والے افراد کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی فنڈنگ کیس کا دائرہ کار چاروں صوبوں تک پھیلا دیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں تشکیل کردہ ٹیم کی سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ ہوں گی جبکہ چھ رکنی ٹیم کے دیگر ممبران میں اجمل صدیق سندھو، سردار اللہ بابر، اصغر علی بلوچ، ریحانہ کوثر اور ارباب عباسی شامل ہیں،بلوچستان کی چار رکنی ٹیم محمد علی ابڑو، محمد راشد بھٹی، افروز احمد کلہواڑ اور راجہ محمد امتیاز پر مشتمل ہوگی۔خیبر پختونخوا کے لیے تشکیل دی گئی ٹیم کی سر براہی ڈپٹی ڈائریکٹر محمد آفتاب بٹ کریں گے جبکہ ممبران میں افضل خان نیازی،محمد طاہر خان،عرفان اللہ اور صائمہ ندیم شامل ہیں۔سندھ زون ون کی پانچ رکنی ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر رابعہ قریشی کریں گی جبکہ روف شیخ،سبین غوری،آفتاب وٹو اورراحت خان بھی حصہ ہوں گے۔پنجاب زون ون کی ٹیم میاں عامر اقبال کی سربراہی میں محمد یوسف،شاہد علی اور عرفان خان پر مشتمل ہو گی۔چاروں صوبوں اور اسلام آباد کی رپورٹ مرکزی کمیٹی کو بھجوائی جائیگی۔