کراچی/اسلام آباد: پاکستانی کوہ پیما، نائلہ کیانی نے دنیا کی 11ویں بلند ترین چوٹی گاشربرم 1 (G1) کو کامیابی سے سر کر لیاہے۔ وہ اپنی پہلی کوشش میں آٹھ ہزار میٹر سے زائدبلندی والی تین پہاڑی چوٹیوں ، گاشربرم 1، گاشربرم2 اور K2 کو سر کرنے والی پہلی مقامی خاتون بن گئی ہیں۔ مضبوط اوربااختیار خواتین کھلاڑیوں کی علامت، نائلہ کیانی، پیشہ کے لحاظ سے ایک بینکر اور کوہ پیمائی کی شوقین ہیں۔
گاشربرم 1 کو سرکرنا اس کے لیے سال کا دوسرا چیلنج تھا جس نے اس سے قبل 22 جولائی کو K2 سرکیا۔اس خاتون کوہ پیما نے اپنی کامیاب مہمات کے ذریعے کھیلوں میں صنفی مساوات کو فروغ دیتے ہوئے ملک بھر کی خواتین کو متاثر کیا ہے۔مہم کو کامیابی سے سر کرنے کے بعد اپنی گفتگو میںنائلہ کیانی نے کہا کہ ،''یہ میری زندگی میں ہونے والے مشکل کاموں میں سے ایک تھا اور یہ ایڈونچر سپورٹس اور کوہ پیمائی کا میرا جذبہ ہی تھا جس نے مجھے یہ سب کرنے پر مجبور کیا۔میں اپنی قوم اور خاص طور پر کوہ پیمائی کرنے والی کمیونٹی کی مشکور ہوں جنہوں نے اپنی کوششوں کا تسلسل قائم رکھا ۔بارڈ فاؤنڈیشن نے میرے ساتھ تعاون کیا جو میری کوششوںکے لیے ان کی غیر مشروط حمایت اور پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں ان کے عظیم وژن کا ثبوت ہے۔''معروف غیرسرکاری تنظیم ،بلقیس اینڈ عبدالرزاق داؤد (BARD) فاؤنڈیشن، نائلہ کیانی کی آفیشل اسپانسر ہے۔بارڈ فائونڈیشن کے چیئرمین عبدالرزاق دائود نے نائلہ کو ایک بار پھر ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ،''نائلہ پاکستان کے عظیم لوگوں کے جذبے، کام کی لگن اور دل جیتنے والی شخصیت ہیں جو ہر کامیاب مہم جوئی کے ساتھ تاریخ میں اپنا نام رقم کررہی ہیں۔وہ دیگر بیشمارنوجوان پاکستانی لڑکیوں کے لیے آئیڈیل ہیں اورہمارے ملک کو عظیم بنارہی ہیں۔کے ٹو سر کرنے کے فوری بعد گاشرم برم 1کی کامیاب مہم نائلہ کیانی کا ایک ایسا یادگار کارنامہ ہے جو ہماری فائونڈیشن کو نوجوان ٹیلنٹ کی حمایت جاری رکھنے پر مائل کرتاہے۔ جس میں ایتھلیٹکس اور کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے مواقع ملتے ہیں۔

نائلہ کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین میں ہر وہ چیز حاصل کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے جو وہ اپنے دل میں ٹھان لیتی ہیں۔''پیشے کے لحاظ سے دبئی میں مقیم بینکر اور دو بچوں کی ماں، نائلہ ایک تربیت یافتہ باکسر، کوہ پیما اور ایڈونچر کی شوقین خاتون ہیں۔ 2021 میں، انہوںنے دنیا کے تیرھویں بلند ترین پہاڑ گاشربرم2 (8,035 میٹر) کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن کر ریکارڈ قائم کیا۔ نائلہ ان دو پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں میں سے ایک تھیں جنہوں نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی K2 کو سر کیا اور پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے پہلی ہی کوشش میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ انہیں دسمبر 2021 میں صدر پاکستان نے کوہ پیمائی میں ان کی کامیابیوں کے اعتراف میں ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔بارڈ فاؤنڈیشن انسانی ترقی کا ایک اہم اقدام ہے، جسے معروف صنعت کار اور ٹیکنو کریٹ عبدالرزاق داؤد اور ان کی مخیر اہلیہ محترمہ بلقیس داؤد نے قائم کیا تھا۔ فاؤنڈیشن مقامی ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو دنیا بھر میںاپنے ٹیلنٹ کے فروغ اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں تعاون کا جذبہ رکھتی ہے ۔باردڈفائونڈیشن کھیل کی شوقین پاکستانی خواتین کے خوابوں کی تکمیل اور ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے مقصد کی تکمیل کے لیے نائلہ کیانی کے ساتھ قدم سے سے قدم ملا کر چل رہی ہے ۔