مرزا اقبال بیگ کرکٹ کی دنیا کے مایہ ناز صحافی اور کمنٹیٹر ہیں۔ جس میچ کی کمنٹری مرزا اقبال نہ کریں وہ میچ مکمل سمجھا ہی نہیں جاتا۔ ان کا اندازِ بیاں اس قدر سلیس اور دل کو چھونے والا ہے کہ سننے والے سنتے ہی رہ جاتے ہیں۔ یہ دنیائے کرکٹ کے ان بہترین کمنٹیٹرز میں سے ایک ہیں جن کو کرکٹ کے داؤ پیچ کا خوب اندازہ ہے اور کرکٹ کی تاریخ میں گزرنے والا ہر لمحہ ان کو خوب یاد رہتا ہے۔ چاہے بھارت سے کوئی میچ ہوا یا ہو یا جنوبی افریقہ سے ان کو سب کچھ یاد رہتا ہے۔
اقبال بیگ کرکٹ کمنٹری کرنے سے قبل یونیورسٹی میں فزکس اور ریاضی کے استاد تھے۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے معاشیات میں پہلے آنرز کیا اور پھر ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ ان کو کمنٹری کرنے کا شوق شروع ہی سے تھا۔ سب سے پہلے انہوں نے ناظم آباد کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے کمنٹری کی اور پھر ریڈیو پاکستان سے منسلک ہوئے۔

پہلی مرتبہ جب یہ کمنٹری کا شوق لئے 4 بسیں بدل کر اپنے گھر سے ریڈیو پاکستان گئے تو ان کو بمشکل موقع ملا مگر انہوں نے پہلی ہی مرتبہ اپنے منفرد انداز اور خوبصورت آواز سے سب کا دل خوب جیتا۔ اپنے ایک انٹرویو میں بتاتے ہوئے مرزا صاحب کہتے ہیں کہ:
''
مجھے 2 اوورز کے لئے کمنٹری کرنے کے لئے کہا گیا، جب دو اوورز مکمل ہوئے تو ایک صاحب تھے انہوں نے اشارہ کرکے کہا کہ کرتے رہو بہت اچھی کر رہے ہو، جب 7 اوورز تک پہنچا تو کرکٹ ٹورنامنٹ کے کے کوئی سرپرست آئے، انہوں نے میرے ہاتھ سے مائیک چھینا اور کہا بھاگ جاؤ دوبارہ واپس نہ آنا یہاں۔ میں گھر چلا گیا، مگر محنت جاری رکھی۔ پھر 4 سال بعد میں مستقل طور پر ریڈیو پاکستان سے منسلک ہوگیا اور پھر 4 سال بعد وہی شخص اپنا ایک سی وی لے کر میرے پاس پہنچا اور کہا کہ یہ پڑھ دو ذرا۔ کل جس شخص نے مجھے نکالا تھا آج وہ مجھے ہی پڑھنے کو کہہ رہا تھا۔ لیکن یہ بات میں نے ان کو نہیں بتائی کیونکہ وہ بہت معزز تھے میرے لئے۔،
''

یونہی ترقی کا سفر رواں دواں رہا اور مرزا اقبال بیگ دنیائے کرکٹ کا ایک اہم نام بن گئے۔ انہوں نے بین الاقوامی میچز میں بین الاقوامی ٹی وی چینلز کے ساتھ مل کر بھی کئی پراجیکٹس کئے۔
ان کی شادی صائمہ شمسی سے ہوئی۔ جن سے متعلق دیگر معلومات کبھی شیئر نہیں کی گئیں۔
البتہ ان کی بیگم صائمہ کا انتقال 9 اگست 2020 کو ہوا۔
ان کے 3 بچے ہیں، ایک بیٹی اور دو بیٹے۔ مرزا اقبال کی بیٹی کا نام حمنہ اقبال بیگ ہے جبکہ دونوں بیٹوں کے نام مُنیب اور بلال اقبال بیگ ہیں۔
ان کی بیٹی حمنہ نے حال ہی میں یونیورسٹی آف کینٹ انگلینڈ سے ملٹی میڈیا جرنلزم میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ مرزا اقبال نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بیٹی کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میں فخر کرتا ہوں، میری بیٹی نے ملٹی میڈیا جرنلزم میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرلی اور ساتھ ہی بیٹی کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔