روزانہ 2 ہزار لوگوں کو افطاری کرواتے، مدد خاموشی سے کریں تو اللہ قبول کرتا ۔۔ کرکٹر رومان رئیس غریبوں کی مدد سے متعلق بتاتے ہوئے

ہماری ویب  |  Apr 30, 2022

خدمتِ خلق کرنے والے لوگ اللہ تعالیٰ کو خوب پسند ہیں بشرطیکہ خدمت خلوصِ نیت اور خُدا کی رضا کی خاطر کی گئی ہو۔ دکھاوے کی خدمت کرنا اللہ تعالیٰ کو بالکل بھی پسند نہیں ہے۔ پاکستان میں ایسے بہت سے مخیر حضرات کام کر رہے ہیں جو اللہ کی رضا کے لیے غریبوں کی مدد کرتے ہیں، مگر اس خاموشی سے کہ کسی کو یہ نہیں معلوم ہوتا کہ کس شخص کو امداد دی گئی ہے اس کی وجہ یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نظر میں وہی پسند کیا جاتا ہے جو مدد کرنے کا کام چھپ کر کرے۔

بالکل یہی خیالات پاکستان کے معروف کرکٹر رومان رئیس کے ہیں۔ انہوں نے گذشتہ روز نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ رومان رئیس خان فاونڈیشن روزانہ 2 ہزار لوگوں کو افطاری کرواتی ہے اور کھانے کے لیے ایسے لوازمات رکھے جاتے ہیں جو ہم خود گھر میں کھانا پسند کرتے ہیں۔ یعنی تکہ، ملائی بوٹی، مندی، قورمہ، کڑاہی اور اسی قسم کے لاجواب کھانے تاکہ ہر کوئی پسند کا کھانا کھا سکے۔ میں نے کبھی بھی کسی کی بھی تصویر یا ویڈیو بنا کر شیئر نہیں کی کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ سامنے والوں کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو۔

اللہ کو بھی دکھاوے کی مدد نہیں پسند۔ میں بھی کوشش کرتا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد دکھاوا کیے بغیر کروں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے وہ نوجوان جن کے گھروں کے وسائل اتنے نہیں ہیں کہ وہ بچوں کو پڑھا سکیں یا کسی اچھی اکیڈمی میں ان کا داخلہ کروا سکیں تو میں ایک ایسا ادارہ تیار کرنا چاہتا ہوں جہاں کھیل کی سہولت بھی ملے اور بچوں کو ابتدائی تعلیم بھی فراہم کی جاسکے۔ میں اپنے بچے کو تو اچھی تعلیم دلوا سکتا ہوں لیکن ایک غریب گھر کے بچے کو 5 یا 6 سال کی عمر سے بتایا جاتا ہے کہ بیٹا تمہیں پیسے کمانے ہیں۔ ان بچوں کا بھی حق ہے کہ وہ ہمارے بچوں کی طرح اچھے سے اچھا پڑھے۔

آنے والی نسلیں ہی اس ملک کو سنواریں گی اور میرا یہ پلان ہے کہ میں اس پر کام کروں گا۔ میری گزارش ہے کہ کوئی مخیر شخص اگر اس میں دلچسپی رکھتا ہے تو وہ ہمیں سپورٹ کرے۔ لیکن میں یہ بھی کہتا ہوں کہ آپ اپنی امداد صرف انہی لوگوں کو دیں جن سے آپ کا دل مطمئن ہو، صرف مجھے نہ دیں مگر لوگوں کی مدد کے لیے آگے ضرور اپنے قدم بڑھائیں۔

رومان رئیس نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران بھی اپنی چیمپئنز ٹرافی کی ٹوپی اور دیگر چیزیں فروخت کرکے غریبوں کی مدد شروع کی تھی، اس کے بعد باقاعدہ ایک ادارہ بنایا اور اب ان کے ہاں سے ہزاروں لوگوں کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More