'کیچز ون میچز' کے الفاظ اکثر کرکٹ کی کمنٹری میں استعمال کیے جاتے ہیں کیونکہ بڑے بڑے ٹورنامنٹ میں کیچز ڈراپ ہونے پر جیتے گئے میچز ہاتھ سے نکل جاتے ہیں۔ وہیں کھلاڑی بہترین کیچز پکڑ کر فتوحات سمیٹنے میں بھی کامیاب ہوئے۔
دوسری جانب کرکٹ میں کم ہی کھلاڑی ایسے دیکھنے میں آتے ہیں جو بہترین کیچز لینے میں مہارت رکھتے ہوں۔ آسٹریلیا کے گلین میکسول، بھارت کے رویندرا جڈیجا، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر یہ وہ خاص نام ہیں جو دنیائے کرکٹ کے بہترین فیلڈرز مانے جاتے ہیں اور کوئی کیچ ڈراپ نہیں کرتے۔
پاکستانی کھلاڑیوں میں یاسر شاہ بہترین فیلڈر اور کیچز پکڑنے میں مہارت رکھتے ہیں جس کا ثبوت ان کی حالیہ ویڈیو دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے۔
یاسر شاہ نے گزشتہ روز پاکستان کپ میں ناقابل یقین کیچ پکڑ کے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ بلوچستان ٹیم کے کپتان ہیں اور کل بروز بدھ اُن کی ٹیم سندھ کے ساتھ مد مقابل تھی۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ یاسر شاہ نے ہوا میں اڑتے ہوئے مشکل کیچ پکڑا جس پر وہاں موجود شائقین بھی حیران رہ گئے۔
خیال رہے کہ یاسر شاہ نے پاکستان کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سندھ کی ٹیم کے خلاف 10 اوورز میں 54 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اب ان کی ٹیم کا فائنل مقابلہ کل خیبرپختون خواہ سے ہوگا۔