اے سی کا خرچ کم،بجلی کی بھرپور بچت، وہ کون سے ایسے 6 پودے ہیں جن کو گھروں میں لگا کر گرمی کی شدت کم کی جا سکتی ہے

ہماری ویب  |  Mar 21, 2022

پودے یا درخت کسی بھی جگہ کو ٹھندا رکھنے، آکسیجن کی فراہمی اور ماحول کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ گذشتہ دہائی سے گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ، شہروں میں جدت پیدا کرنے کے لئے نئی نئی عمارتیں کھڑی کی جارہی ہیں اور درخت کاٹے جارہے ہیں۔

جس کی وجہ سے ہر موسم کی شدت میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ ہمارے یہاں بھی حکومتی سطح پر درخت لگانے کا ارادہ تو کیا گیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ درختوں سے ماحول کی آلودگی بھی کم ہوتی ہے اور موسم کی شدت میں بھی کمی آتی ہے۔ مناسب طور پراگر منصوبہ بندی کر کے درخت لگائے جائیں تو پانچ سال بعد سایہ دار درخت شہر میں ٹھنڈک کا احساس دلاتے ہیں۔ یہ درخت آکسیجن کی فراہمی کے ساتھ فضا سے کاربن جذب کرتے اور بارش برسانے میں بھی معاون ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر اُگنے والے درخت اور پھول پودے لگانے سے ہی شجرکاری سے فائدہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ آپ اپنے آنگن ، چھت، بالکونی یا ٹیرس وغیرہ میں پھول پودے لگاسکتے ہیں۔

یوں تو لوگ اپنے گھروں میں پودے لگاتے ہیں جن گھروں میں لان کی گنجائش نہیں ہوتی وہاں بھی اکثر شوقین مزاج لوگ گملے رکھ کر اپنے کمروں، بالکونی، یا صحن میں پودے لگاتے ہیں ۔لیکن ان میں سے کچھ پودے ایسے ہوتے ہیں جن کے بارے میں ہمیں علم نہیں ہوتا کہ یہ ہماری صحت کو نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں۔ اسی لیے ان کو اپنے کمروں میں رکھنا خطرناک ہو سکتا ہے۔

جبکہ کچھ پودے ایسے ہوتے ہیں جو کہ گرمی کی شدت کو کم کر کے ہمارے ماحول کو پر سکون اور خوشگوار بنا رہے ہوتے ہیں۔ ایسے ہی ماحول دوست پودوں کے بارے میں یہاں ہم کچھ معلومات دیں گے تاکہ آپ بھی اپنے گھروں کو موسم کی شدت سے بچا کر ٹھنڈا رکھ سکیں۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ گھر قدرتی طور پر ٹھنڈے رہتے ہیں، جس سے ائیرکنڈیشنر کا استعمال بھی کم ہوتا ہے۔ ان میں سے چند پودے یہ ہیں۔

ایلوویرا

ایلوویرا کا پودا ماحول دوست پودا ہے، یہ فضا کو جراثیموں سے پاک بناکراس کو صاف کرتا ہے ،کمرے کے درجہ حرارت کو بھی معتدل کرتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی اس پودے کے طبی فوائد بہت زیادہ ہیں۔ اس سے کریم ، جیل، مرہم وغیرہ بھی بنتے ہیں۔ یہ رات بھر آکسیجن خارج کرتا ہے، یہ پودا بینزین سے بھی نمٹتا ہے ۔2فٹ اونچا ایلوویرا کا پودا آپ کے گھر کے اندرونی حصے کی سجاوٹ کے لیے ایک منفرد اضافہ ثابت ہوگا۔

ویپنگ فگ

یہ پودا گرمی کی شدت کو کم کر کے گرمی کی وجہ سے پیدا شدہ بو کو ماحول سے ختم کر کے فضا کو خوشبودار بناتا ہے۔ یہ پودا ایسی آلودگی سے نمٹتا ہے جو کارپینٹنگ اور فرنیچر سے خارج ہوتی ہے جیسے کہ فارمل ڈی ہائیڈ، بینزین اور ٹرائی کلورو تھائی لین۔

آریکا پام

یہ پودا ماحول کو تو اچھا کرتا ہی ہے اس کے ساتھ ساتھ سانس کے مریضوں کے لئے بھی بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ یا جو نزلہ زکام کا شکار رہتے ہیں ان کے لئے مفید ہے۔

اسپائیڈر پلانٹ

اس پودے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ پودا دو سے تین دن کے اندر 90 فیصد تک فضا میں موجود ٹاکسن کو ختم کر کے اسے صاف ستھرا بنا دیتا ہے۔ یہ خاص طور پر ڈسٹ الرجی کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے۔ ڈوارف ڈیٹ پام

یہ پودا سخت جان،لمبی زندگی جینے والا پودا ہے،یہ بھی ٖضائی آلودگی کا خاتمہ کر کے گھر کو ٹھنڈا کرتا ہے ،خاص کر کیمیائی مرکب زائلیں کا خاتمہ کرتا ہے جو کہ ہائیڈرو کاربن کی ہی ایک قسم ہے۔

بےبی ربڑ پلانٹ

ربڑ پلانٹ کا شمار ان پودوں میں کیا جاتا ہے جو گھر سے گرمی کم کرنے اور کمروں کو ٹھنڈا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ پودا ہوا کو صاف کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے گھر میں لگائے جانے والے مشہور پودوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، پانی اور سورج کی روشنی کے بغیر بھی یہ پودا بڑے ارام سے رہ جاتا ہے۔ ربڑ پلانٹ گھر کے کسی بھی حصے میں موجود ہو تو گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More