محنت کا پھل اللہ پاک ضرور دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شاہانہ انداز میں پی ایس ایل 7 جیتنے والی لاہور قلندر کی ٹیم کے کھلاڑیوں پر انعامات کی برسات کر دی گئی ہے۔
جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو سی ای او عاطف رانا کی جانب سے اپنی زیر استعمال مہنگی گاڑی تحفے میں دی گئی ہے۔
ایک انٹرویو میں سی ای او ثمین رانا کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی شروعات میں انعامات دینے کا نہیں سوچا تھا مگر جب فخر زمان نے سنچری اسکور کی تو میں نے سوچا کہ نہیں یہ تو بہت اسپیشل ہے اس پر فخر کو انعام ملنا چاہیے تو بس یہاں سے ہی اچھی کارکردگی دکھانے پر انعامات دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اسی انٹرویو میں انکا یہ بھی کہنا تھا کہ شاہین کی عمر کے حوالے سے بہت سے سوالات ہوتے ہیں مگر وہ کم عمر ہونے کے باوجود بھی بہت میچوئر ہے، اسے جو بھی انعام ملتا ہے وہ اسے ٹیم ممبرز اور سپورٹ اسٹاف میں تقسیم کر دیتا ہے، جس سے ان کے بڑے پن کا اندازہ ہوتا ہے۔
انعام میں شاہین شاہ آفریدی کو دی جانے والی گاڑی پر بات چیت کرتے ہوئے چمین رانا کا کہنا تھا کہ 2 سال سے شاہین کا عاطف رانا کے ساتھ مذاق چل رہا تھا، اور شاہین کو یہ گاڑی بہت پسند تھی تو جیت کی خوشی میں کپتان کو اس گاڑی کا تحفہ دے دیا مگر میں نے اس وقت شاہین سے کہا کہ یہ تمہارے لیے ہے اسے ڈونیٹ مت کرنا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیون میں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دیکر پہلی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی تھی۔