"شین وارن مجھے دیکھ کر دور سے چلاتے تھے راولپنڈی ایکسپریس از ہئیر ناؤ(راولپنڈی ایکسپریس یہاں آگئی ہے) وہ بہت ملنسار اور خوش مزاج انسان تھے اور مجھ سے بہت پیار سے ملتے تھے"
یہ کہنا ہے شعیب اختر کا مرحوم آسٹریلین کھلاڑی شین وارن کے بارے میں جن کے انتقال کی خبر نے کل سے سوشل میڈیا کو ہلا ڈالا ہے
پہلی ملاقات پر کیا ہوا؟
شین وارن سے اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے شعیب اختر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ 1999 کے ورلڈ کپ میں ہماری پہلی بار ملاقات ہوئی۔ میں بہت تیز باؤلنگ کروارہا تھا اور شین وارن بالکنی سے نیچے آکر اسکرین پر مجھے دیکھتے تھے۔ ایک بار میچ ختم ہوا تو وہ میرے پاس آئے اور کہا کہ تم بہت تیز باؤلنگ کرتے ہو اور تمھیں کھیلتا دیکھ کر مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔ کبھی کبھی وہ یہ بھی کہتے تھے کہ اپنی تیز باؤلنگ سے مجھے مارنا نہیں میری انگلیوں میں جادو ہے انھیں چوٹ نہ لگ جائے۔
ہم گھنٹوں باتیں کرتے تھے
شعیب اختر کہتے ہیں کہ ان کی شین وارن سے بہت گہری دوستی تھی اور وہ کرکٹ کے موضوع پر گھنٹوں ایک دوسرے سے بات کیا کرتے تھے۔ ان کی صحت بہت اچھی تھی اور ان کی اچانک موت کی خبر سے شعیب کے پیروں کے نیچے سے زمین نکل گئی تھی۔