کرنسی نوٹوں کے بغیر آپ زندگی میں کچھ بھی نہیں کرسکتے۔ جب تک پیسے ہاتھ میں ہوتے ہیں انسان سب کچھ کر لیتا ہے۔ ان نوٹوں کو آپ بھی سنبھال سنبھال کر رکھتے ہوں گے کہ کہیں یہ پھٹ نہ جائیں، کھو نہ جائیں، ضائع نہ ہوں۔ یہ نوٹ محفوظ رہیں۔ اپنی جان سے زیادہ لوگ پیسوں کا خیال رکھتے ہیں۔ زیادہ تر لوگوں کو کڑک کڑک نوٹ پسند ہوتے ہیں۔ خصوصاً عید یا شادی بیاہ کے مواقعوں پر لوگ بینک سے نوٹوں کی نئی گڈیاں نکلواتے ہیں تاکہ جب کسی کو پیسے دیں تو وہ نوٹ بھی اچھے اور نئے نئے ہوں۔ کچھ لوگ تو ایسے نوٹوں کو اپنے پاس زیادہ سے زیادہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن چونکہ پیسہ کبھی ٹکتا نہیں، استعمال میں آ ہی جاتا ہے۔
ہر چیز کی صاف صفائی اور دھلائی کی جائے تو ہی وہ قابلِ استعمال رہتی ہے اور اچھی لگتی ہے۔ جس طرح دیگر تمام چیزوں کی دھلائی ہوتی ہے بالکل اسی طرح پیسوں کی بھی دھلائی ہوتی ہے وہ بھی کپڑوں کی طرح واشنگ مشین میں۔ یہ بات جان کر آپ کو حیرت ہو رہی ہوگی کہ پیسوں کو بھی واشنگ مشین میں دھویا جاتا ہے۔ جی ہاں! پیسوں کو بھی مشین میں دھویا جاتا ہے۔
وائس آف امریکہ اردو کی ایک ویڈیو میں نوٹوں کی دھلائی کرنے والے شخص نے بتایا کہ:'' شادیوں کے سیزن میں نوٹوں کی روزانہ کی بنیاد پر 40 سے 50 کاپیاں فروخت ہوتی ہیں۔ ہم پہلے نوٹوں کو اکٹھا کرتے ہیں ان کو دیکھتے ہیں جو دھلنے والے ہوتے ہیں ان کو مشین میں ڈال دیتے ہیں اور جو نوٹ دھلنے سے پھٹنے کا خدشہ ہوتا ہے ان کو الگ کردیتے ہیں۔ نوٹوں کو مشین میں ڈالتے وقت مشین میں سرف، پانی اور ایک کیمیکل ڈالتے ہیں جس سے نوٹوں کی دھلائی ہوتی ہے۔ پھر دھلنے کے بعد ان کو ایک جگہ پر الگ الگ کرکے خُشک کرتے ہیں، پھر جب یہ خشک ہو جاتے ہیں تو ان کو اکٹھا کر لیتے ہیں اور ایک کاپی یعنی ایک گڈی تیار کرلیتے ہیں۔ نوٹوں کی کمپنیاں ہم سے رابطہ کرکے ہمیں نوٹ دھونے کے لیے بھیجتی ہیں۔ یہ ہمیں اس کام کے لیے کچھ پیسے بھی دیتی ہیں۔ جب ہم دیکھتے ہیں کہ نوٹ زیادہ پرانے یا خراب ہیں تو ہم ان کو مشین میں نہیں ڈالتے۔ جو نوٹ دھلنے کے قابل ہوتے ہیں وہی ڈالتے ہیں۔ ''

ایک نوٹ ایک شخص کے ہاتھ میں نہیں بلکہ لاتعداد لوگوں کے ہاتھوں میں جاتا ہے، سالہا سال نوٹ استعمال ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس پر ہاتھوں کی میل اور دھول مٹی بھی لگ جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ گندے ہو جاتے ہیں اس لیے ان کی دھلائی کی جاتی ہے تاکہ وہ نئے کی طرح چمکدار ہو جائے۔
نوٹوں کی دھلائی میں کون سا کیمیکل استعمال ہوتا ہے؟
نوٹوں کی دھلائی میں آئیوڈین کا ایک مرکب محلول استعمال کیا جاتا ہے جو دوائیوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس محلول سے نوٹوں پر لگی گندگی صاف ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں سینیٹائزر بھی موجود ہوتا ہے جس سے جراثیموں کو ختم کیا جاتا ہے۔