ورلڈ ٹی20 کے سیمی فائنل میں پاکستان کی شکست کے بعد جہاں کرکٹ شائقین حسن علی پر تنقید کررہے ہیں، وہاں سابق کپتان شاہد خان آفریدی اپنے داماد شاہین شاہ آفریدی کو قصور وار ٹھہرا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے اسپورٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ حسن علی کا کیچ چھوڑنا بڑی غلطی تھی، مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ شاہین آفریدی تین گیندوں پر 3 چھکے کھا لے۔
شاہد آفریدی نے اپنے داماد کی باؤلنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس اتنی تو سمجھ ہونی چاہیے تھی کہ یارکر کرتے، رنز روکنے کی کوشش کرتے۔ انہوں نے کہا کہ میں صاف کہوں گا کہ شاہین نے خراب باؤلنگ کی ہے۔ کیچ چھوڑنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ہمت ہی ہار جاؤ، شاہین کو لڑلے کی کوشش کرنی چاہیے تھی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین ایسا بولر نہیں کہ انہیں تین چھکے مار دے، باقی پورے ورلڈ کپ میں شاہین کی پرفارمینس اچھی رہی ہے۔ مگر شاہین کیلئے یہ ایک بہت بڑا سبق تھا۔ انہیں اپنی غلطی سے سیکھنا چاہیے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے 19 ویں اوور میں حسن علی کی جانب سے میتھیو ویڈ کا کیچ چھوڑنے کے بعد آسٹریلین کھلاڑی نے شاہین کی اگلی تین گیندوں پر تین چھکے لگا کر اسکور پورا کردیا تھا۔