ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم سے شکست کھانے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان کی اپنے کیرئیر کی آخری اننگز کے اختتام کے بعد جذباتی مناظر کی ویڈیو سامنے آگئی۔
خیال رہے کہ اصغر افغان کی جانب سے بعد میں یہ بیان سامنے آیا تھا کہ انہوں نے پاکستان سے شکست کے بعد دلبرداشتہ ہوکر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اصغر افغان کی ایک ویڈیو شیئر کی جارہی ہے جس میں افغان ٹیم کے کھلاڑی انہیں کندھے پر اٹھا کر اسٹیڈیم سے باہر لے جارہے ہیں۔
اس دوران اصغر افغان کو ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے بلوں کی سلامی بھی دی جب کہ اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے بھی کھڑے ہو کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
مذکورہ ویڈیو میں افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان سے متعلق مزید جذباتی مناظر کو عکس بند کیا گیا ہے جس میں وہ منہ پر کیپ رکھ کر روتے دکھائی دیے۔
واضح رہے اصغر افغان نے 114 ون ڈے، 75 ٹی ٹوئنٹی اور 6 ٹیسٹ میچ افغانستان کی نمائندگی کی، جب کہ 115 میچز میں افغانستان کی کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔