معروف کامیڈین عمر شریف کی طبعیت دن گزرنے کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ خراب ہو تی جا رہی ہے جس کیلئے انہوں نے عمران خان صاحب سے یہ فریاد کی تھی مجھے علاج کی خاطر امریکا بھجوایا جائے یہ ویڈیو انہوں نے خود اسپتال سے ریکارڈ کروا کے سوشل میڈیا پر شیئر کروائی تھی لیکن اب انکی اہلیہ زرین عمر کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی سے بھی کسی قسم کی مالی امداد کی درخواست نہیں کی ہے۔
عمر شریف کے نام سے منسوب اکاؤنٹ پر انکی اہلیہ نےاپنی طرف سے اور بیٹے جواد شریف کی جانب سے ایک مختصر پیغام شیئر کیا اور کہا کہ علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کیلئے ویزا کی سہولت مانگی تھی۔ساتھ ہی ساتھ وسیم بادامی، شاہد آفریدی ، پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل اورامریکا کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب اور سفیر بٹ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔
مختصر پوسٹ میں بتایا گیا کہ حکومتی نمائندے اور دیگر لوگ عمر شریف کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے اداکار کی علاج کے لیے بیرون ملک جلد سے جلد منتقلی کے حوالے سے تمام اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
10ستمبر کو کی گئی پوسٹ میں عمر شریف کی صحت کے حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی، تاہم اس سے قبل کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ اداکار کے لیے اگلے 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔