جب سے ٹک ٹاک کا اثرو رسوخ اور اس سے ملنے والی سستی شہرت کا جنون لوگوں پر سوار ہوا ہے اس وقت سے لوگوں نے نہ صرف اپنے قیمتی وقت کو ضائع کرنا شروع کر دیا ہے بلکہ ساتھ ہی میڈیا نے کچھ ایسے فارغ لوگوں کو بھی وائرل ہونے کے مواقع زیادہ دے دیئے ہیں جن پر شاید بات کرنا بھی محض اپنے وقت کو ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ اب آپ پچھلے 2 دن سے سوشل میڈیا پر غور کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ٹک ٹاکر حریم شاہ کی شادی پر بہت زیادہ بحث کی جا رہی ہے اور جگہ ان کے شوہر کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزراء تک اپنے ہاتھ اور گھڑیاں دکھا رہے ہیں۔ ارے یہ کیا طوفان برپا ہے؟ سوشل میڈیا، ٹی وی اسکرین یہاں تک کہ اخباروں میں بھی ایک متنازع ٹک ٹاکر کو اتنی جگہ دے دی گئی ہے کہ اب لوگ صرف اس کو جاننے میں اپنے قیمتی وقت کا ضیاع کرنے میں مصروف ہیں۔
حریم شاہ کی شادی اور وفاقی وزیر کی تلاش کے حوالے سے مختلف ٹی وی اینکرز بھی مصروفِ عمل نظر آرہے ہیں، اسی حوالے سے ایک مشہور صحافی طارق متین جو کسی تعارف کے محتاج نہیں اور ماضی میں 4 سال تک جیو نیوز کے معروف اینکر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر ایک تبصرہ کیا ہے، جس کے مطابق طارق کہتے ہیں کہ:
جیو نیوز جو کہ ملک کا سب سے بڑا ٹی وی چینل کا نیٹ ورک ہے، وہاں اینکرز نے لائیو کال پر حریم سے بات کی انہوں نے اپنی ڈیوٹی پوری کی، میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ان 6 منٹ میں جیو اگر کوئی اشتہار لگا تا تو یقیناً لاکھوں روپے اس کی مد میں ملتے، لیکن صرف ایک فضول کچرے حریم شاہ کے شوہر کے حوالے سے ڈھیروں سوالات پوچھ ڈالے کہ نام بتا دیں، نام کا پہلا حرف بتا دیں، وزارت یا حلقہ اور ضلع بتا دیں وغیرہ وغیرہ ۔۔ اس کے بعد سماء نے اسمبلی کے باہر سے خواتین کو اکٹھا کرلیا اور سوالات کرنے شروع کر دیئے۔
پرائم ٹائم میں ایک عام سی مشہور یا معروف نہیں متنازع ٹک ٹاکر ہے، اس کو اتنی اہمیت دے دی گئی ہے کہ اس پر پورے 6 منٹ برباد کردیئے۔ کیا ہمارا میڈیا پاگل ہے؟ ملک میں جہاں بچوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے جرائم، معاشی خرابیاں، بے روزگاری، بے امنی اور دیگر مسائل بڑھ رہے ہیں، کیا ان پر بات کی جائے تو لوگوں کو معلومات نہ مل جائے؟ جیو نے 2 لاکھ 40 ہزار روپے ایک منٹ کے اور کُل ملا کر 15 لاکھ حریم کے پیچھے ضائع کردیئے؟ ہم کہاں آگئے ہیں مجھے لگ ہی نہیں رہا کہ ٹی وی چینلز کچھ اور بھی دیکھ رہے ہیں۔ کیا اس کے سوا عوام کو دکھانے کے لئے کچھ اور بچا ہی نہیں۔
آپ کی کیا رائے ہے؟ آپ اس حوالے سے کیا کہتے ہیں؟ ہمیں ہماری ویب کے فیس بک پیج پر کمنٹ سیکشن میں ضرور بتائیے گا۔