پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے لوگوں کا اب بارش کا انتظار ختم ہونے والا ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے شہر میں صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی اور تیز ہوائیں چلنے کی نوید سنا دی ہے البتہ آج شہر میں مطلع ابرآلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 عشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری ریکارڈ ہونے کے امکانات ہیں۔
اس کے علاوہ شہر قائد میں آج جنوب مغرب سمت سے 27 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے سے ہی جون کے آخری ہفتے یعنی کہ 25 سے 30 جون کے درمیان مون سون کی بارشوں کے آغاز کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔