سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں جولائی کے ماہ سے روکنے کا فیصلہ کر لیا ہے یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا ہے،اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وزیراعلیٰ سند ھ نے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کر دیں ہیں کہ ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں جولائی کے ماہ سے بند کر دی جائیں۔
کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں ہی سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غیر ممالک سے آنے والے 62 ہزار 812 مسافروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 55 کیسز مثبت آئے ۔ جبکہ 29 مئی کو 4 مسافروں میں انڈین ویرینٹ کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ 1 جون کو کراچی میں 12 عشاریہ 45 فیصد اور 2 جون کو کراچی میں 11 عشاریہ 77 فیصد مثبت کیسز سامنے آئے۔