گزشتہ روز پاکستان بھر میں یوم پاکستان 23 مارچ بہت جوش کے ساتھ منایا گیا۔ وہیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی وزیراعظم عمران خان کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی گئی۔
نریندر مودی نے اپنا پیغام ایک خط کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان کو بھجوایا جس میں انہوں نے پاکستان کے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ایسا ممکن بنانے کے لیے ’دہشتگردی اور دشمنی سے خالی اور اعتماد سے بھرپور ماحول کی ضرورت ہے‘۔
اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستانی ہم منصب کے نام اپنے خط میں کیا ہے۔
اسی طرح انڈیا کے صدر رام ناتھ کووند نے بھی پاکستان کے صدر عارف علوی کے نام ایک خط میں اُنھیں یوم پاکستان کے موقعے کے حساب سے مبارکباد پیش کی ہے۔
نریندر مودی نے خط میں مہلک وبا کوروناسے نمٹنے کےلیے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔
بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے بھی پاکستانی ہم منصب کے لیے یوم پاکستان پر تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی وزیراعظم اور صدر کے تہنیتی پیغامات کی تصدیق کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ مودی نے گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان میں کورونا کی تشخیص کے بعد بھی ان کے لیے اپنے پیغام میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔