کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے شادیاں کر کے لوٹ مار کرنے والا خاندان گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں نارتھ ناظم آباد سے پولیس نے ایک ایسے خاندان کو گرفتار کیا ہے جو شادیاں رچا کر لوٹ مار کرتے تھے۔
تاہم دو روز قبل شادی کرنا اس فراڈ خاندان کو مہنگی پڑ گیا اور اس کا بھانڈا پھوٹ گیا جب لڑکی والوں نے شک کی بنیاد پر تحقیقات کیں اور سارا کھلا چھٹا سامنے آگیا۔
پولیس کےئ مطابق 2 روز قبل اس خاندان نے اپنے لڑکے کے لیے ایک خاندان کو پھانس کر شادی کا ڈراما رچایا، تاہم اس بار ان کو منہ کی کھانی پڑ گئی۔
پولیس کے مطابق دو روز پہلے نکاح ہونے کے بعد فراڈ خاندان نے شادی کی تیاری کی غرض سے لڑکی کے اہلخانہ سے 50 ہزار روپے مانگے، جس پر لڑکی کے بھائی کو شک ہو گیا، اس نے معلومات حاصل کیں تو خاندان کا کرمنل ریکارڈ ہی منظر عام پر آگیاجس کے بعد لڑکی کے گھر والوں نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔
لڑکی کے اہل خانہ نے بتایا کہ دلہا کے گھر والے خود کو با اثر اور سرکاری افسر ظاہر کر رہے تھے، تاہم جب کریمنل ریکارڈ سامنے آیا اور لڑکی والوں نے فراڈ کا سراغ لگا لیا، تو انھوں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔
پولیس حکام کے مطابق دو روز قبل نکاح کرنے والا دلہا آج بارات لے کر جب لڑکی والوں کے ہاں پہنچا تو پولیس نے دھر لیا، پولیس نے موقع ہی سے دلہا کو ماں، باپ، بھائی اور بھابھی سمیت پکڑ لیا۔
پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتار خاندان کے افراد پر 25 سے زائد مقدمات درج ہیں، ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ نے بتایا کہ یہ پورا خاندان فراڈی ہے، بارات میں اس خاندان کے ساتھ وکیل بھی آیا تھا لیکن پولیس کو دیکھ کر فرار ہوگیا۔
انھوں نے بتایا کہ فراڈ خاندان متعدد وارداتوں میں ملوث پایا گیا ہے، یہ خاندان شادی کر کے لڑکی کے زیورات لوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں، اس خاندان کے خلاف ابھی تک کسی اور فیملی نے درخواست جمع نہیں کرائی۔