ناشتے کو عام طور پر دن کا سب سے اہم کھانا کہا جاتا ہے اور ہر ڈاکٹر تجویز پیش کرتا ہے کہ صبح کا ناشتہ ہر گز نہ چھوڑیں کیونکہ اس کے بغیر ہمیں صحت کے مسائل درپیش ہوسکتے ہیں۔ صبح کے ناشتے کے متعدد فوائد ہیں، جس کے بارے میں بہت سے لوگ لاعلم ہیں۔ اس عادت کو اپنانے سے بھرپور توانائی کے ساتھ ساتھ وزن کنٹرول میں رہتا ہے،شوگر ٹائپ 2 اور امراض قلب کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
ایک نجی چینل کے پروگرام میں طبی ماہر ڈائٹ کنٹرول کسنسلٹنٹ ڈاکٹر اریج ہارون نے ناشتے کی افادیت پر گفتگو کرتے ہوئے نے بتایا کہ جو لوگ باقاعدگی سے ناشتہ کرتے ہیں ان کا وزن کم ہوتا ہے اور نہ کرنے والے لوگ موٹاپے کا شکار ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناشتے کو انگریزی میں بریک فاسٹ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ رات بھر خالی پیٹ رہنے (فاسٹ) کے بعد کھانے کا ایک وقفہ (بریک) ہے۔ اس سے گلوکوز میسر آتا ہے جس سے جسمانی قوت میں اجافہ ہوتا ہے اور انسان چاق و چوبند ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اچھی صحت کے لیے ضروری غذائی اجزا میسر آتے ہیں۔
ڈاکٹر اریج ہارون کا کہنا تھا کہ رات کو سونے سے تین گھنٹے قبل کھانا چھوڑ دینا چاہیے، اس سے معدے کو بھی آرام میسر ہوتا ہے اورصبح تک وہ کھانا آپ کے جسم میں استعمال ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی غذائیت بھی بہت اہم ہے یعنی جو کھایا جا رہا ہے وہ غذائیت سے بھرپور ہونا چاہیے اور اس میں تمام ضروری غذائی اجزا ہونے چاہئیں۔
ڈاکٹر اریج نے مزید کہا کہ اگر کسی وجہ سے ناشتہ چھوٹ گیا ہے تو کوشش کریں کہ دوپہر یا شام کے وقت ایسا کھانا کھائیں جس سے ناشتے کی کمی پوری ہو جائے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ زیادہ کھائیں بلکہ ان غذائی اجزا کو شامل کریں جو رہ گئے تھے۔