نادیہ خان جو اپنے بنداس اور منفرد انداز کی وجہ سے کافی مشہور ہیں، حال ہی میں ان کی تیسری منگنی سے متعلق سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہورہی ہیں۔
تاہم حال ہی میں ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے اپنی سابقہ شادی اور طلاق سے متعلق کچھ انکشاف کیے۔
پروگرام کے میزبان نے سوال پوچھا کہ 'زندگی کا کوئی ایسا فیصلہ ہے جس پر آپ کو آج بھی بہت افسوس ہوتا ہو؟' جس کا جواب دیتے ہوئے نادیہ خان نے کہا کہ ''میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی شادی کرنے کا فیصلہ تھا جو میں نے بہت جلدی میں کیا، شادی کر کے میں نے اپنے اندر چھپے فنکار کا قتل کیا، اگر بعد کی زندگی کا علم ہوتا تو میں شادی کبھی نہ کرتی''۔
نادیہ کا کہنا تھا کہ ''سنہ 2000 میں اگر میں شادی نہ کرتی تو صرف کام کرتی یہاں تک کہ زندگی میں بہت کچھ کرسکتی تھی، لیکن شادی کے بعد کا ڈرامہ ایسا تھا جس کی قسط 10 سال تک چلی۔ میں نے اس دوران یہ سوچ رکھا تھا کہ مجھے اچھی بیوی اور اچھی بہو بن کر رہنا ہے''۔
اداکارہ نے کہا کہ ''شادی کا بس ایک فائدہ ہوا اور وہ یہ کہ مجھے بچوں جیسی نعمت حاصل ہوئی، جوکہ کسی کی بھی زندگی کا سب سے اہم حصہ ہوتے ہیں اور اگر یہ بچے وقت پر ہوجائیں تو وہ آپ کے دوست ہوتے ہیں کبھی کبھی تو ایسا لگتا ہے جیسے بچے آپ کی آرمی ہوں''۔