شوبز انڈسٹری ایک ایسی انڈسٹری ہے جہاں ہر کوئی ہر وقت خوش ہی نظر آرہا ہوتا ہے، مداح سمجھتے ہیں کہ ہمارے پسندیدہ اداکار ہر لحاظ سے پرفیکٹ اور ہر غم سے دور ہیں لیکن حقیقت اس سے مختلف ہے۔ اداکار بھی عام لوگوں کی طرح ہی ہیں اور جینا مرنا ان کے ساتھ بھی ہے۔
آج ہم آپ کو ان 5 مزاحیہ اور مشہور اداکاروں سے متعلق بتانے والے ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو جوانی میں کھو دیا۔
1) پراکاش راج
بھارتی فلموں میں ولن کا کردار نبھانے والے اداکار پراکاش راج نے اپنے 5 سالہ بیٹے سدھو کو اس وقت کھو دیا تھا جب وہ ٹیبل پر چڑھ کر پتنگ اڑا رہا تھا۔ ان کا بیٹا پتنگ اڑاتے ہوئے نیچے گر گیا تھا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوا اور چند ماہ کے علاج کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔ یہ اتنا اچانک حادثہ تھا جس نے اداکار کو مکمل توڑ دیا۔
2) اسمٰعیل تارا
ہنسی کا خزانہ اور شاندار اداکاری کے مالک اسمٰعیل تارا پرانے وقتوں کے بہترین اداکار ہیں۔ مزاحیہ مزاج کے سبب لوگ انہیں بے حد پسند کرتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ سب کو ہنسانے والے سب کے چہیتے اسمٰعیل تارا کی اپنی زندگی کیسی ہے؟ اداکار نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میرا اسٹیج شو ہونا تھا، وہاں ہزاروں کا مجمع موجود تھا، عوام کو ہمارے نام پر بلایا گیا تھا، جبکہ میں اس وقت اسپتال میں تھا جہاں میرے آٹھ سالہ بیٹے کا انتقال ہو چکا تھا۔ میں نے بچے کی ڈیڈ باڈی وہیں چھوڑی اور اپنے کام پر چلا گیا۔ وہاں سب جمع تھے، میں نے اپنی پرفارمنس دی اور پھر عوام کو بتایا کے اس وقت میں کس شدتِ درد سے گزر رہا ہوں۔ گھر پہنچ کر بیٹے کی تدفین کی۔
3) سنبل شاہد
مزاحیہ کردار نبھانے والی بشریٰ انصاری کی بہن سنبل شاہد نے بھی اپنے جوان بیٹے کو کھویا۔ ان کا 35 سالہ بیٹا پیرا گلائیڈنگ کے دوران پیرا شوٹ نہ کھلنے کی وجہ سے گرا اور جان کی بازی ہار گیا۔ یہ حادثہ اداکارہ کی زندگی کے لئے ہمیشہ کا روگ بن گیا۔
4) عمر شریف
اپنی مزاحیہ اداکاری سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے عمر شریف کی صاحبزادی حنا شریف کا انتقال پچھلے سال لاہور میں ہوا۔ اداکار کی جوان بیٹی حنا شریف کا انتقال گردوں میں انفیکشن کے باعث ہوا۔
5) گووندا
بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اور مزاحیہ اداکار گووندا نے اپنی پہلی بیٹی کو کھو دیا تھا۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب ان کی بیٹی محض چار ماہ کی تھی۔ ان کی چار ماہ کی بیٹی نو رسیدہ تھی، جبکہ بیٹی کی وفات پر سب کو ہنسانے والے اداکار گووندا غم سے شدید نڈھال ہوگئے تھے۔