بالی ووڈ کے نامور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک موت نے ناصرف بالی ووڈ بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ اداکار کی موت کے بعد بالی ووڈ کے کئی نامور چہرے بے نقاب ہوئے تاہم اب ایک اور مشہور شخصیت نے سشانت سے متعلق کچھ اہم انکشاف کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلم کیدرناتھ کے 2 سال مکمل ہونے پر بالی ووڈ کے نامور ڈائریکٹر ''ابھیشک کپور'' نے انکشاف کیا ہے کہ ''سشانت سنگھ راجپوت 2018 میں شوٹنگ کے دوران بھی پریشان رہتے تھے تاہم وہ اپنی اداکاری کی وجہ سے کسی پر یہ بات ظاہر نہیں ہونے دیتے تھے اور نہ ہی انہوں نے کسی سین کے دوران ایسا محسوس ہونے دیا''۔
اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کے ساتھ 2018 میں فلم ''کیدرناتھ'' میں کام کیا تھا، یہ فلم سارہ کیلئے ڈیبیو فلم تھی جو کہ بری طرح ناکام ہوئی۔ فلم کے حوالے سے سشانت کے ایک دوست نے انکشاف کیا کہ ''فلم کے دوران سارہ اور سشانت کو آپس میں محبت ہوگئی تھی، لیکن فلم کے فلاپ ہوتے ہی سارہ نے سشانت کو چھوڑ دیا''۔
ابھیشک کپور کا کہنا ہے کہ ''اس فلم کے ذریعے سارہ علی خان کا ڈیبیو ہورہا تھا تو کسی نے بھی سشانت پر توجہ نہیں دی بلکہ میڈیا سمیت سب کا فوکس سارہ ہی تھی جس کی وجہ سے سشانت یہ محسوس کررہا تھا کہ اسے وہ پیار نہیں مل رہا جو ملنا چاہیے تھا کیوں کہ وہ بھی فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے تھے''۔