پاکستان کے لیجنڈری اداکار و کامیڈین مرحوم معین اختر صاحب کو کون بھول سکتا ہے؟ اپنی شاندار اداکاری اور بہترین شخصیت کے مالک ہونے کی وجہ سے ان کے مداح انہیں آج بھی یاد رکھتے ہیں۔
تاہم ہوا کچھ یوں کہ معروف مزاح نگار، میزبان اور ڈرامہ نویس انور مقصود کا یاسر حسین کے ساتھ معین اختر کا شو لوز ٹاک کے طرز کا پروگرام کرنے پرصارفین نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
طنز ومزاح اور اداکاری میں معین اختر صاحب کا کوئی ثانی نہیں، انہوں نے ایک نجی چینل کے لیے 'لوز ٹاک' کے نام سے400 اقساط پر مشتمل شوز بھی کئے جو کہ اُن کے کیریئر کا منفرد ریکارڈ ہے۔
اس نامور اور مشہور شو کو معین اختر کی وفات کے بعد بند کردیا گیا تھا تاہم اب اسی طرز پر ایک شو انور مقصود کی میزبانی میں نشر کیا جا رہا ہے جس میں معین اختر کی جگہ اداکار یاسر حسین مہمان کا کردار ادا کررہے ہیں جس پر سوشل میڈیا صارفین غصہ میں دکھائی دیے۔
علی خان نامی صارف نے تحریر کیا کہ ''افسوس کی بات ہے کہ ہم مزاح کے لیے کوئی بھی نیا ٹیلنٹ ابھارنے میں ناکام ہیں، اور اداکاری کے اندر جو ٹیلنٹ ہے اسے صرف چھوٹی اسکرین تک رکھا جاتا ہے۔ جن میں ٹیلنٹ نہیں وہ فلموں میں آرہے ہیں''۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ''عمر شریف اور عقیل صدیقی، یاسر حسین سے زیادہ بہتر انتخاب ہوتے۔ یہ لوگ لیجنڈ ہیں''۔
فرحان ظہیر نامی صارف نے تحریر کیا کہ ''2020 بہت ہی بُرا سال رہا ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ انور مقصود صاحب مقبول ترین شو’ لوز ٹاک‘ جیسا شو شروع کر رہے ہیں جس میں معین اختر کی جگہ یاسر حسین نظر آئیں گے جوکہ لیجنڈ اداکار کی بے عزتی ہے۔ یہ اس قابل نہیں کہ معین اختر کی نقل کر سکے''۔
واضح رہے پروگرام لوز ٹاک میں انور مقصود میزبان اور معین اختر مہمان کے فرائض انجام دیتے تھے اور ہر نئی آنے والی قسط میں مختلف کرداروں کے روپ دھار کر انٹرویو دیا کرتے تھے جو مداحوں کو بے حد پسند تھے۔ سیاست ہو یا معاشرے کی تلخیاں، وہ کسی بھی موضوع کو اس طرح بیان کرتے کہ دیکھنے والے ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو جاتے تھے۔