یوٹیوب سوشل میڈیا کا وہ پلیٹ فارم ہے جہاں بہت سے افراد اپنے ٹیلنٹ کو استعمال کرتے ہوئے پیسے کما سکتے ہیں۔ یوٹیوب کا ٹرینڈ ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ لوگوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے بارے میں آگاہی بھی مل رہی ہے۔
تاہم جہاں عام افراد یوٹیوب سے فائدہ حاصل کر رہے ہیں وہیں پاکستانی ستارے بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ بہت سے مشہور اداکاروں اور گلوکاروں نے اپنے اپنے یوٹیوب چینل بنا رکھے ہیں جس پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کرنے اور اس پر ایک مخصوص تعداد میں ویوز حاصل کرنے پر یوٹیوب انہیں پیسے دیتا ہے۔
آئیے اب کچھ آمدنی کی بات کریں، اگر یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو پر 1,000 ویوز ہوئے تو یوٹیوب آپ کو $5 دے گا جو کہ پاکستانی 796 روپے بنتے ہیں، اسی طرح ویوز کی تعداد بڑھنے کے ساتھ پیسوں کی تعداد بھی بڑھتی رہتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر ویڈیو پر 1,000,000 (1 ملین) ویوز آئے تو یوٹیوب آپ کو $5,000 دے گا جو کہ پاکستانی 7 لاکھ 96 ہزار 177 روپے بنتے ہیں۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ کون کون سے گلوکار یوٹیوب سے لاکھوں روپے کما لیتے ہیں۔
علی ظفر
پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کا یوٹیوب چینل ہے جس میں وہ اپنی ذاتی زندگی سے متعلق دلچسپ ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں اس کے علاوہ جب بھی ان کا کوئی نیا گانا ریلیز ہوتا ہے تو وہ اسی چینل پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔ علی ظفر کے چینلز کے سبسکرائبرز کی تعداد 3 لاکھ 85 ہزار ہے جبکہ ان کی ویڈیوز کے ویوز بھی لاکھوں کی تعداد میں ہیں۔
مومنہ مستحسن
گلوکارہ مومنہ مستحسن بھی اپنا یوٹیوب چینل چلاتی ہیں، مومنہ زیادہ تر چینل پر اپنے گانے کی ویڈیوز شئیر کرتی ہیں جبکہ ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 1 لاکھ 75 ہزار ہے۔
فرحان سعید
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ایک اور معروف گلوکار فرحان سعید کسی تعارف کے محتاج نہیں، اپنی میٹھی آواز کی وجہ سے یہ اپنے مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔ فرحان کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 7 لاکھ 65 ہزار ہے جبکہ ویڈیوز پر ویوز بھی لاکھوں ہیں جس حساب سے ان کی آمدنی لاکھوں میں ہوتی ہے۔
آئمہ بیگ
آئمہ بیگ نے چند روز قبل ہی اپنا یوٹیوب چینل کھولا ہے، گلوکارہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں کہا کہ 'میرا نام آئمہ بیگ ہے اور آپ میرا یوٹیوب چینل دیکھ رہے ہیں'۔ ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 3 لاکھ 99 ہزار ہوگئی ہے۔
عاطف اسلم
پاکستان کے مشہور اور قابل ترین گلوکارعاطف اسلم جن کو بھارت میں بھی بے پناہ پذیرائی حاصل ہے، ان کا بھی اپنا یوٹیوب چینل ہے جس کے سبسکرائبرز کی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار ہے۔