پاکستان سپر لیگ کا میلہ آخر کار اپنے اختتام کو پہنچا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایونٹ کی دو پسندیدہ ٹیمیں پہلی بار پہنچی یعنی کراچی کنگز اور لاہور قلندرز لیکن دونوں ٹیموں کے مقابلے کے بعد بالآخر کنگز نے قلندرز کو ہرا دیا۔
کراچی کی جیت نے جہاں مداحوں کو خوش کیا وہیں شوبز ستارے جن کا تعلق کراچی سے ہے، خوشی سے نہال نظر آئے۔ ستاروں نے اپنے اپنے سوشل میڈیا پر کراچی کی جیت کے جشن کی ویڈیوز اور تصاویر شئیر کیں۔
ہمایوں سعید
پاکستانی ڈرامہ و فلم کے نامور اداکار ہمایوں سعید کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ان کے ہمراہ اعجاز اسلم اور عدنان صدیقی بھی تھے۔ ویڈیو میں تینوں اداکار کامیابی کی خوشی میں سرشار نظر آرہے ہیں۔ تاہم ہمایوں نے اپنے انسٹاگرام پر بھی میچ کے دوران اور کراچی کنگز کی فتح کے بعد لی گئی تصاویر شیئر کیں۔
عاصم اظہر
گلوکار عاصم اظہر کراچی کی جیت پر اتنے خوش ہوئے کہ انہوں نے تو بھنگڑے ڈالنا ہی شروع کر دیے۔ انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عاصم نے لکھا کہ کراچی کنگز چیمپئنز، یہ ہے کراچی۔ فتح کے لمحات۔
مہوش حیات
معروف اداکارہ مہوش حیات نے پی ایس ایل کے فائنل کو سنسنی خیز قرار دیا جبکہ کراچی کنگز کو اس جیت کا حقدار قرار دیا۔ مہوش نے جیت کو مرحوم کوچ ڈین جونز کے لئے خراج عقیدت کہتے ہوئے لکھا کہ ''وہ آج ہوتے تو یقیناً فخر محسوس کرتے''۔
علی ظفر
گلوکار علی ظفر نے کراچی کنگز کی جیت کے بعد لکھا کہ ''لاہوریوں، بھائی بھی لاہور سے ہے لیکن پیشن گوئی تو پیشن گوئی ہوتی ہے، اس میں جذبات کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ پچھلے 4 سیزن کے نتائج بھی چیک کرلو۔ بالآخر ہم سب پاکستانی ہیں، زندگی انجوائے کرو''۔
٭ آپ اس حوالے سے کیا تبصرہ پیش کریں گے؟ ہماری ویب کے فیس بک پیج کے کمنٹ سیکشن میں بتائیں۔